شکھر دھون: آسٹریلیا کے خلاف میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر

انڈین کرکٹ ٹیم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشکھردھون کی جگہ کون اوپنر ہوگا فیصلہ کوہلی کریں گے

انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز شکھر دھون انگوٹھا ٹوٹنے کی وجہ سے تین ہفتے کے لیے ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کو ڈاکٹروں نے کم سے کم تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ اہم ترین میچوں کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو ہوا تھا اور اس کا آخری مقابلہ 14 جولائی کو ہونا ہے۔

یہ انڈیا کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ دھون نے آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں 109 گیندوں پر ناقابل شکست 117 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح سے ہمکنار کیا۔ آسٹریلین فاسٹ بولر نیتھن کولٹر نائل کی ایک گیند ان کے بائیں ہاتھ کے انگھوٹھے کو لگی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے۔ دھون اپنے زخمی انگوٹھے کے باوجود کھیلتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے

اس میچ میں دھون کی جگہ روندر جدیجا نے فیلڈ نگ کی تھی۔ بعد میں ایکسرے سے معلوم ہوا کہ دھون کے انگوٹھے میں فریکچر ہو چکا ہے۔

ابھی تک انڈیا نے ورلڈ کپ کے دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی جیتے ہیں۔ انڈین ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو اب دھون کی جگہ روہت شرما کے ساتھ کسی نئے کھلاڑی کو اوپنر کے طور پر آزمانا ہوگا۔

کرکٹ ورلڈ کپ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کے خلاف شکھر دھون کی سینچری پر انڈین شائقین خوش ہوئے تو وہیں اس میچ میں ان کے زخمی ہونے پر اداس بھی

اس ورلڈ کپ کے لیے رشب پنت اور امبیتی رایو ڈو بھی انڈین ٹیم کے لیے اضافی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

جون میں انڈیا کے نیوزی لینڈ، پاکستان، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سے میچ ہونے ہیں۔ اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ان میچوں میں دھون اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے۔

انگلینڈ کرکٹ ورلڈ کپ 2019

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشکھر دھون انگوٹھا ٹوٹنے کی وجہ سے ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے

رشب پنت اور ممبئی کے شریاس ائیر بھی دھون کی جگہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ دھون کے انگوٹھے کے سرے پر فریکچر کا اس وقت انکشاف ہوا جب وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلنے نہیں آئے۔