کارڈف: انگلینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج کارڈف میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلا گیا جو انگلینڈ نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ تین وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے کپتان ایون مورگن کی بہترین اننگز کی مدد سے میچ کے آخری اوور میں یہ ہدف پورا کر لیا۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انگلینڈ کی پہلی وکٹ گری جب بین ڈکٹ نو رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جیمز ونس نے 36 رنز بنائے تھے جب عماد وسیم کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کپتان سرفراز احمد نے ان کا کیچ پکڑا۔
نصف سنچری بنانے سے پہلے جو روٹ 47 رنز پر حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آٰؤٹ ہو گئے۔ اس طرح کپتان مورگن کے ساتھ ان کی پارٹنرشپ ختم ہوئی جو کہ 29 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان کی بیٹنگ میں گرنے والی پہلی وکٹ اوپنر فخر زمان کی تھی جو سات رنز بنا کر ٹوم کرن کی گیند پر کپتان ایون مورگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جوفرا آرچر کی گیند پر امام الحق بھی سات رنز بنانے کے بعد بین فوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حارث سہیل نے بابر اعظم کے ساتھ جارحانہ پارٹنرشپ قائم کرنے کے بعد 50 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی گیند پر جوفرا آرچر کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا دی۔ اسی اوور میں 65 رنز بنانے والے بابر اعظم بھی آرچر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔
اگلے اوور میں کرس جورڈن کی گیند پر آصف علی تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اننگز کے آخری اوور میں کرس جورڈن نے فہیم اشرف کو 17 رنز پر جو ڈینلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر لیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل تھی۔
ان میں سے بلے باز امام الحق اور بولر محمد حسنین نے آج پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔
انگلینڈ کی ٹیم کپتان ایون مورگن ،جیمز ونس، بین ڈکٹ، جو روٹ، جو ڈینلی، بین فوکس، ڈیوڈ ولی، عادل راشد، جوفرا آرچر، کرس جورڈن اور ٹوم کرن پر مشتمل تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اس سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی تھا جبکہ اس کے بعد برطانیہ میں مزید پانچ ایک روزہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔











