اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

بدھ کو دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔

کراچی کنگز نے یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب نے وکٹری سٹروک کھیلتے ہوئے چھکا لگایا۔ یونائیٹڈ کے فہیم اشرف ناٹ آؤٹ رہے۔

یونائیٹڈ کے فل سالٹ 46 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 70 رنز بنائے انھیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسین طلعت عمر خان کی بولنگ کے آگے بے بس دکھائی دیے اور صرف 1 رن بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ لیوک رونکی بھی 26 رنز بنا کر عمر خان کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیمرون ڈیلپورٹ تھے جو بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عمر خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر، عماد وسیم اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور ان کے کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ کنگز کے بابر اعظم اور لییم لیونگسٹون نے نصف سنچریاں بنائیں۔ بابر اعظم 68 رنز بنا کر نمایاں رہےانھیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے ٹاس جیت کر کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ محمد عامر اننگز کی آخری گیند پر 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ عامر یامین تین رنز پر،عماد وسیم دو رنز پر، بین ڈنک 12 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن انگرم تھے جو 13 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

لییم لیونگسٹون 56 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ لییم لیونگسٹون نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے 29 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنائی۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن منرو تھے جو رومان رئیس کی گیند پر چار رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد بٹ نے عمدہ بولنگ کی اور صرف 27 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان اور فہیم اشرف نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیے

ملتان سلطانز سے شکست کھانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سب سے نچلے درجے پر ہے۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشناسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا

کنگز اور یونائیٹڈ کے درمیان پی ایس ایل میں اب تک 10 میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو کراچی کنگز پر معمولی برتری حاصل ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ان مقابلوں میں چھ بار کامیابی ملی جبکہ کراچی کنگز چار مرتبہ فاتح رہی۔

کراچی کنگز کے گذشتہ میچ میں کولن انگرام کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم کپتان عماد وسیم، عامر یامین، بابر اعظم، بین ڈنک، کولن انگرم، کولن منرو، لییم لیونگسٹون، محمد عامر، افتخار احمد، عثمان شنواری اور عمر خان پر مشتمل ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، سمتھ پٹیل، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد موسی، حماد بٹ، فل سالٹ اور رومان رئیس شامل ہیں۔