پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیتنے کے لیے 79 رنز کا ہدف دیا تھا۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا دوسرا کم ترین ہدف تھا۔
پشاور زلمی نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 11 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پشاور زلمی کی شاندار بولنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی بیٹنگ آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور یہ سلسلہ اننگز کے اختتام تک جاری رہا اور پوری ٹیم 15 ویں اوور میں ہی 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

،تصویر کا ذریعہPCB
لاہور قلندرز کے صرف تین بلے باز 10 کے ہندسے کو عبور کر سکے۔ اینٹون دیوسچ 18 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ اے بی ڈویلیئرز 14 اور آغا سلمان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
شاندار بولنگ کرتے ہوئے حسن علی نے 15 رنز دے کر چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض نے تین، ابتسام شیخ نے دو اور کیوین پولارڈ نے ایک وکٹ لی۔
عمر امین پشاور زلمی کی طرف سے نمایاں بلے باز رہے وہ 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ کامران اکمل کوئی رن بنائے بغیر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، اور راحت علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ انجری کے باعث آج پشاور زلمی کے خلاف میچ نہیں کھیل رہے اور ان کی غیر موجودگی میں اے بی ڈویلیئرز قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تجربہ کار بلے باز اے بی ڈویلیئرز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں۔
میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے اب تک دو میچز کھیلیں ہیں، قلندرز نے اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کھائی جب کہ گذشتہ روز کراچی کنگز سے میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
سنیچر کو کھیلے گیے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، جس جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔










