پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

شین واٹسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شین واٹسن چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 81 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔ پہلے ہی اوور میں اس کے دو بلے باز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ آٹھ کے مجموعی سکور پر تیسری وکٹ بھی گر گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نمایاں بلے باز وین پارنیل رہے جنھوں نے 20 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ آصف علی نے 36 اور حسین طلعت نے 30 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے چار اوورز میں 21 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فواد احمد نے 15 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز محتاط انداز میں کیا۔ شین واٹسن کے ساتھ 62 رنز کی بہترین پارٹنرشپ کے بعد عمر اکمل 44 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کی گیند پر انھیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمتھ پٹیل، رومان رئیس اور ڈیلپورٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اب تک تین میچز کھیل چکی ہے۔ پہلے میچ میں یونائیٹڈ نے قلندرز کو شکست دے کر دو پوائنٹس حاصل کیے جب کہ دوسرے اور تیسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک صرف دو میچ کھیلی ہے اور دونوں میں کامیاب رہی۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں احمد شہزاد، عمر اکمل، ڈوین سمتھ، ریلی روسو، محمد نواز، شین واٹسن، غلام مدثر، سہیل تنویر، محمد عرفان اور فواد احمد پر مشتمل ہے۔

جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان محمد سمیع کی سربراہی میں رونکی، رضوان حسین، ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، وین پارنل اور رومان رئیس پر مشتمل تھی۔