جوہانسبرگ: پاکستان نے 32ویں اوور میں جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

عثمان شنواری

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسات اوورز میں چار وکٹیں لینے والے عثمان شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا

جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز برابر کر دی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سات اوورز میں چار وکٹیں لینے والے عثمان شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اوپنر امام الحق نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کر کے 91 گیندوں میں 71 رنز بنائے جس کے بعد یہ جنوبی افریقہ کے بولر پھیلکوایو کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اِن کے ساتھ آخر تک کھڑے رہے بابر اعظم جنھوں نے 53 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری گیند پر چوکا مار کر محمد رضوان نے پاکستان کو میچ جتوا دیا۔

یہ بھی پڑھیے

اِس سے قبل پاکستانی اوپنر فخر زمان 44 رنز بنا کر جنوبی افریقی بالر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی ہے۔

آج میزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے کیا تھا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شاہین آفریدی نے کوئنٹن ڈی کاک کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا تاہم تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔

میزبان ٹیم ابھی پہلے نقصان سے پوری طرح سنھبل نہ پائی تھی کہ 18 رنز کے مجموعی سکور پر ریزا ہینڈرک شاہین آفریدی کی ہی گیند پر دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا تھا

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کے خلاف رویو لیا تاہم تھرڈ امپائر نے فلیڈ امپائر کے ناٹ آؤٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

119 رنز کے مجموعی سکور پر شاداب خان نے فاف ڈوپلیسی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز ہاشم آملہ تھے جو عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب ڈیوڈ ملر چار رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ڈیوڈ ملر نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کے خلاف ریوو لیا تاہم تھرڑ امپائر نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رابادا، ڈیل سٹین اور وین دیر ڈیسن یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہین آفریدی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شاہین آفریدی نے کوئنٹن ڈی کاک کو ایل بی ڈبلیو کر دیا

اس اہم میچ کی کپتانی شعیب ملک کر رہے تھے۔ میچ شروع ہونے سے قبل شعیب ملک کا کہنا تھا ’ہم چاہتے تھے کہ سرفراز احمد آج کا میچ کھیلتے تاہم حال ہی میں ہوئے واقعے کی بنا پر وہ آج کا میچ نہیں کھیلیں گے اور میں اس متعلق مزید بات نہیں کرنا چاہتا۔‘

آج کا میچ اس حوالے سے بہت اہم ہے کیونکہ اگر پاکستان میچ ہار گیا تو سیریز بھی گنوا بیٹھے گا۔ آج کے مییچ میں پاکستان کی جیت سیریز کو مزید دلچسپ بنا دے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ 13 رنز سے میچ جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔