جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں سے جیت

شاہین شاہ آفریدی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشاہین شاہ آفریدی نے اوپرنرز ہاشم آملہ اور ہینڈرکس کی وکٹ لی۔

ڈربن میں جاری ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 204 رن کا ہدف بیالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔

اس کے بلے بازوں ڈرڈوسن نے 80 اور پیلوکوائیو 69 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ایک موقع پر جنوبی کی 80 رنز کے مجموعی سکور پر پانچ وکٹیں کر چکی تھیں لیکن دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے تین اور لیگ سپنر شاداب نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے مشہور بلے باز ہاشم آملہ، ہینڈرکس ، فاف ڈوپلیسی، ملر اور کالسن پویلین لوٹ چکے ہیں۔

اس سے پہلے حسن علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم 203 رنز بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

حسن علی 112 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد کریز پر آئے اور 45 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

انھوں نے سرفراز احمد کے ساتھ مل کر 90 رنز کی اہم شراکت قائم کی جس کا خاتمہ فیلکوایو نے سرفراز کو 41 کے سکور پر بولڈ کر کے کیا۔

حسن علی آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنھیں اننگز کے 46ویں اوور میں فیلکوایو کی گیند پر کپتان ڈوپلیسی نے باؤنڈری پر کیچ کیا۔

اس سے قبل ڈربن میں جنوبی افریقہ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز شروع کی اور سکور 15 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر ربادا نے پہلے میچ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے امام الحق کو کیچ کروا کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلوا دی۔ امام صرف پانچ رنز بنا سکے۔

ربادا نے ہی بابر اعظم کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو دوسری وکٹ دلوائی۔ بابر اعظم نے دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے۔

پہلے میچ میں پاکستان کے لیے فتح گر ثابت ہونے والے محمد حفیظ صرف نو رنز ہی بنا سکے اور ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

پاکستانی کی چوتھی وکٹ دو گیندوں بعد گری بعد 15ویں اوور کی پہلی گیند پر اولیور نے فخر زمان کو بھی کیچ کروا کر پویلین کی راہ دکھلا دی۔

یہ بھی پڑھیے

شاداب خان آؤٹ ہونے والے پانچویں پاکستانی بلے باز تھے جنھیں تبریز شمسی نے اپنے پہلے ہی اوور میں 18 کے انفرادی سکور پر کیچ کروایا۔ تبریز نے ہی حسین طلعت کی وکٹ بھی حاصل کی جو صرف دو رن بنا سکے۔

شعیب ملک 21 رن بنانے کے بعد فیلکوایو کی دوسری وکٹ بنے جبکہ فہیم اشرف کو ایل بی ڈبلیو کر کے تبریز شمسی نے انفرادی طور پر تیسری اور ٹیم کے لیے آٹھویں وکٹ لی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فیلکوایو چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ تبریز شمسی نے تین، ربادا نے دو اور اولیور نے ایک وکٹ لی۔

پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی اس سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ ون ڈے سیریز سے قبل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی۔

ڈربن میں ٹاس جیتنے کے بعد جنوی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ’پہلے میچ میں ہم نے بہترین کارکردگی نہیں دکھائی لیکن ہم گیند اچھے طریقے سے اندر لائے تھے۔ ایسے برے دنوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ آپ ان سے سیکھتے ہیں۔‘

حفیظ اور شعیب ملک

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندونوں ٹیمیں آخری مرتبہ ڈربن میں 2013 میں ہی مدِمقابل آئی تھیں اور اس ٹیم کے صرف دو ارکان محمد حفیظ اور شعیب ملک ہی موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہیں

پاکستان اور جنوبی افریقہ نے اس میچ کے لیے ان ٹیموں میں دو دو تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو پورٹ الزبتھ میں مدِمقابل آئی تھی۔

میزبان ٹیم کو اس میچ کے لیے بھی اپنے ریگولر وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک اور تجربہ کار فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی خدمات حاصل نہیں اور اس نے ڈووین پریٹوریئس اور عمران طاہر کی جگہ ڈین پیٹرسن اور تبریز شمسی کو جگہ دی ہے۔

پاکستانی ٹیم میں عثمان شنواری اور عماد وسیم کی جگہ شاہین آفریدی اور حسین طلعت یہ میچ کھیل رہے ہیں۔

پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے امام الحق اور محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈربن کے کنگز میڈ میدان پر جنوبی افریقہ اور پاکستان کے مابین پانچ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے تین پاکستان نے جیتے ہیں۔

دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ یہاں 2013 میں ہی مدِمقابل آئی تھیں اور اس ٹیم کے صرف دو ارکان محمد حفیظ اور شعیب ملک ہی موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہیں۔