پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: دوسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان 135 رنز کے خسارے میں

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناظہر علی اور اسد شفیق نے اب تک 54 رنز کی شراکت قائم کر لی ہے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 274 کے جواب میں تین وکٹوں پر 139 رنز بنائے ہیں۔

کریز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے دونوں پاکستان کے سینیر ترین کھلاڑی اسد شفیق اور اظہر علی موجود ہیں جنھوں نے اب تک 54 رنز کی شراکت قائم کر لی ہے۔

اظہر علی نے سیریز میں اپنی تیسرے نصف سنچری مکمل کر لی اور وہ 62 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ اسد شفیق 26 رنز پر موجود ہیں۔

بولٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنٹرینٹ بولٹ نے ابتدا میں دونوں پاکستانی اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا دی

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ٹم ساؤدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق بھی صرف نو رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ بھی ساؤدی نے ہی لیا۔

اس کے بعد حارث سہیل اور اظہر علی نے اچھی بیٹنگ کی اور چائے کے وقفے تک ساتھ رہے۔ لیکن دن کے تیسرے سیشن میں 68 رنز کی شراکت کے بعد حارث سہیل اپنی توجہ کھو بیٹھے اور ساؤتھی کی گیند پر غیر ذمےدارنہ شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔

انھوں نے 91 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔

محمد حفیظ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

نیوزی لینڈ‌ کی پہلی اننگز میں بی جے واٹلنگ نے پاکستانی بولرز کا پراعتمادی کے ساتھ سامنا کیا اور 77 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے پانچ، یاسر شاہ نے تین، حسن علی اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نوجوان بولر شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بلسل

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپہلی اننگز میں بلال آصف نے 65 رنز کے عوض پانچ شکار کیے

دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو پہلی کامیابی 254 کے مجموعی سکور پر ملی جب بلال آصف نے ولیم سومرویل کو بولڈ کیا، انھوں نے 12 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ 272 کے مجموعی سکور پر گری جب بلال آصف نے ہی اعجاز پٹیل کو آؤٹ کیا، انھوں نے چھ رنز بنائے۔

274 کے مجموعی سکور پر بلال آصف نے ٹرینٹ بولٹ کو بولڈ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلے روز کھیل کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان کین ولیمسن نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں جیت راول 45، گرینڈ ہوم 20، ٹام لیتھم چار، راس ٹیلر صفر، ہنری نکولس ایک اور ٹم ساؤدی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واٹلنگ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپہلی اننگز میں بی جے واٹلنگ نے پاکستانی بولرز کا پراعتمادی کے ساتھ سامنا کیا اور 77 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے

خیال رہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سومرویل اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ابوظہبی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 16 رنز سے زیر کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔