پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: پہلے دن کے کھیل کے بعد پاکستان کا پلڑا بھاری، کیویز کے سات آؤٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ابوظہبی میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام تک نیوزی لینڈ کے ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے اور اس وقت کریز پر بی جے واٹلنگ 42 رنز پر جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ولیم سومرویل 12 رنز بنا کر موجود ہیں۔
آج صبح جب میچ کا آغاز ہوا تو نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان کو پہلی کامیابی جلد ہی مل گئی جب اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے لیتھم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ انھوں نے صرف چار رنز بنائے۔
یہ شاہین شاہ آفریدی کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھی۔ یاسر شاہ نے جیت راول کو 35 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔
یاسرشاہ کی اگلی ہی بال پر روس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کھانے کے وقفے سے چند لمحے قبل یاسر شاہ نے ہیری نکولس کو بھی بولڈ کر دیا، وہ صرف ایک رن بنا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دن کے دوسرے سیشن میں ولیمسن اور واٹلنگ نے زبردست شراکت قائم کی اور بغیر آؤٹ ہوئے وہ سیشن نکال دیا۔
چائے کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے اپنی شراکت کی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن کیویز کو اس کے فوراً بعد نقصان اٹھانا پڑا جب 176 کے مجموعی سکور پر حسن علی نے ولیمسن کو آؤٹ کر دیا جو 89 رنز بنا سکے۔
ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کرنی شروع کر دی اور پہلے کولن ڈی گرانڈہوم کو 20 رنز پر اور اس کے بعد ٹم ساؤتھی دو رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
دونوں کھلاڑیوں کو آف سپنر بلال آصف نے آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ول سمرولے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ابوظہبی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 16 رنز سے زیر کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔
ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔









