ایشیا کپ: سنسی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کی تین وکٹوں سے کامیابی

روہت شرما

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب انڈیا کو ایک گیند پر جیتنے کے لیے ایک رنز درکار تھا۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش نے میچ پر گرفت بنائے رکھی اور وقتاً فوقتاً انڈین کھلاڑیوں کو پویلیئن کی راہ دکھاتے رہے۔

انچاسویں اوور کی پہلی گیند پر مستفیض الرحمن نے بی کمار کو آؤٹ کر دیا۔ وہ 37 رنز بنا سکے۔ روندر جدیجا روبیل حسین کی گیند پر آؤٹ ہونے والے چھٹے انڈین بلے باز تھے۔

انڈیا کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب کپتان ایم ایس دھونی 37 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چوتھی آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کےڈی کارتھک تھے جو 37 رنز بنا کر محمداللہ کی گیند کا شکار بنے۔

انڈیا کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب روہت شرما 48 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

46 رنز کے مجموعی سکور پر انڈیا کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب امباتی رادیو صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انڈیا کی جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔ انڈیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شیکھر دھون تھے جو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضی، روبیل حسین اور ناظم اسلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 222 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس اور حسن مرزا نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے لنٹن داس نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

لیٹن

،تصویر کا ذریعہAFP

انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین، کیدار جادھو نے دو جبکہ چہل اور جسپرت بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں انڈیا پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا جبکہ سپر فور کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

سپر فور مرحلے میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ جس میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 173 رنز بنائے اور جواب میں انڈیا نے یہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 36.2 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔

پاکستان کی ایشیا کپ میں کاکردگی کافی خراب رہی اور اسے انڈیا سے دو میچوں میں اور بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ افغانستان کے ساتھ سخت مقابلے میں کامیابی ملی تاہم ہانگ کانگ کو آسانی سے ہرانے میں کامیاب رہا۔

بنگلہ دیش کے اوپنرز

،تصویر کا ذریعہAFP

انڈیا کو سب سے زیادہ چھ مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

سری لنکا پانچ بار چیمپیئن بنا ہے جبکہ پاکستان نے دو بار 2000 اور 2012 میں یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بار اس نے یہ کامیابی ڈھاکہ میں حاصل کی تھی۔

ایشیا کپ اس خطے کا اہم ایونٹ ہونے کے باوجود انڈیا اور پاکستان تعلقات کے اتارچڑھاؤ سے اپنا دامن نہیں بچا سکا ہے۔

1990 میں انڈیا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں پاکستان شریک نہیں تھا اسی طرح 1993 میں پاک بھارت کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ایشیا کپ منسوخ کرنا پڑا تھا۔

بھارت اور سری لنکا کے کرکٹ روابط کشیدہ ہونے کے سبب انڈیا نے 1986 میں سری لنکا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیا تھا۔