انڈر19 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں روایتی حریف مدمقابل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان اور بھارت کے نوجوان کرکٹرز منگل کو انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مد مقابل ہورہے ہیں۔
ان دونوں کے درمیان کرائسٹ چرچ میں ہونے والے اس سیمی فائنل کا فاتح تین فروری کو ہونے والے فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گا۔
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں کسی بھی سطح پر آمنے سامنے آئیں روایتی حریفوں کے درمیان جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہوتا ہے۔
بھارتی انڈر نائنٹین ٹیم کے کوچ راہول ڈراوڈ اس جوش وجذبے کو محسوس کرتےہوئے کہتے ہیں کہ گذشتہ کچھ عرصے سے انڈیا اور پاکستان کی ٹیموں کو ایک دوسرے کے سامنے آنے کا موقع نہیں مل سکا ہے لہٰذا یہ سیمی فائنل ان نوجوان کرکٹرز کے لیے بہت اہم ہوگا ۔
پاکستانی ٹیم کے منیجر سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان اپنے کرکٹرز کو پاک بھارت کرکٹ کے روایتی دباؤ کے بغیر میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ندیم خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے میچ کی شکست کے بعد نوجوان کرکٹرز نے اگلے میچوں میں جس طرح اپنی کارکردگی بہتر بنائی وہ خوش آئند ہے۔
ندیم خان پاکستانی نوجوان کرکٹرز کے مستقبل سے بہت زیادہ پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم میں شامل تینوں فاسٹ بولرز اور دو تین بیٹسمین فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن وہ اس بات کے قطعاً حق میں نہیں ہیں کہ ان نوجوان کرکٹرز کو انڈر نائنٹین سے براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ کھلادی جائے جیسا کہ ماضی میں ہوچکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بھارتی انڈر نائنٹین ٹیم اس عالمی مقابلے میں آسٹریلیا۔ پاپوا نیوگنی اور زمبابوے کو گروپ میچوں میں شکست دے کر کوارٹرفائنل میں آئی جہاں اس نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہ تھا اور انہیں پہلے ہی میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم کی ایشیا کپ سے اب تک افغانستان کے خلاف لگاتار تیسری شکست تھی تاہم اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئرلینڈ اور سری لنکا کو ہراکر کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی جہاں اس نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔
پاکستان پانچ مرتبہ انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے دو مرتبہ وہ فاتح رہا ہے۔
2004 ء میں پاکستان نے خالد لطیف کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو فائنل میں شکست دی تھی۔
2006ء میں اس نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر جونیئر عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔
بھارت تین مرتبہ انڈر نائنٹین ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔










