ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس کے تحت 61 رنز سے ہرا دیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت 61 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تو اس وقت کریز پر فہیم اشرف اور فخر زمان موجود تھے اور پاکستان نے 30.1 ورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔
316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ٹم ساؤدی نے پہلے ہی اوور میں اظہر علی اور بابر اعظم کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے۔
132 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ شاداب خان کی گری، انھوں نے 28 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی پانچویں وکٹ 54 رنز پر اس وقت گری جب کپتان سرفراز احمد صرف آٹھ رن بنا کر ایسٹل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شعیب ملک 13 رنز بنا کر ٹم ساؤدی کا تیسرا شکار بنے۔
13 رنز کے مجموعی سکور پر حفیظ بھی بولٹ کی گیند پر ایک رن بنا کر آوٹ ہو گئے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔
کیوی کپتان کین ولیمسن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی اور رومان رئیس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ان کا بھرپور ساتھ نکولس نے دیا جنھوں نے صرف 42 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور حسن علی کی تیسری وکٹ بنے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سنیچر کو بیسن ریزور کے میدان پر کھیلے جا رہے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے نیوزی لینڈ کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز جوڑے۔
کولن منرو نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے صرف 33 گیندوں پر اپنے کریئر کی پانچویں نصف سینچری مکمل کی اور 58 رنز بنا کر حسن علی کی وکٹ بنے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی 156 کے مجموعی سکور پر ملی جب گپٹل 48 رنز بنا کر فخر زمان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ یہ فخر زمان کی پہلی ایک روزہ وکٹ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کو تیسری کامیابی 192 کے مجموعی سکور پر ملی جب حسن علی نے راس ٹیلر کو بولڈ کر دیا۔ انھوں نے 12 رنز بنائے۔
لیتھم نے صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انھیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ولیمسن، ساؤدی اور گپٹل کی واپسی ہوئی ہے جنھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں آرام کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین گذشتہ 12 کرکٹ میچوں، بشمول ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل، میں 11 بار نیوزی لینڈ کامیاب رہا ہے۔
تاہم مجموعی طور پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین اب تک کل 98 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 53 میں اور نیوزی لینڈ نے 42 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دو میچ بلانتیجہ ختم ہوئے جبکہ ایک میچ ٹائی رہا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم تقریباً دو ماہ کے وقفے کے بعد میدان میں اتری ہے اور مبصرین کی جانب سے اسے ایک کڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیم: اظہر علی، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس۔
نیوزی لینڈ ٹیم: مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیمسن، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نکولس، ٹوڈ ایسٹل، مچل سینٹنر، ٹیم ساؤدی، لوکی فرگوسن اور ٹرنٹ بولٹ۔











