محمد عامر کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے: سرفراز احمد

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, فراز ہاشمی
- عہدہ, بی بی سی اردو، کارڈف
پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا سری لنکا کے خلاف میچ میں مڈل آرڈر بیٹنگ کی ناکامی پر کہنا ہے کہ یہ ٹیم کے لیے باعث تشویش ہے اور انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل اس مشکل کو دور کرنے پر غور کیا جائے گا۔
سرفراز احمد نے یہ بات چیمیپئنز ٹرافی کے اہم اور فیصلہ کن میچ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ان کی ٹیم اور ملک کے لیے بڑی اہم ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ سے قبل کوئی یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ پاکستان کی ٹیم اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گی۔
سرفراد احمد جنھوں نے اپنی زندگی کی ایک یاد گار اننگز کھیلی نے محمد عامر کی بھی خوب تعریف کی۔ محمد عامر کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں انھوں نے اہم 75 رنز سکور کیے جن کی وجہ سے ٹیم کو کامیابی نصیب ہوئی۔
اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں انڈیا کے ہاتھو ںشکست کے بعد تنقید کا سامنا کرنے والے سرفراز احمد سری لنکا کے خلاف میچ میں جیت کے بعد بہت مطمئن اور خوش نظر آ رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ محمد عامر نے اس میچ میں پہلے کپتان میتھوز کی وکٹ ایک اہم مرحلے پر حاصل کی اور جب وہ بیٹنگ کرنے آئے تو کسی دباؤ میں نظر نہیں آئے اور ایک تجربہ کار بلے باز کی طرح سکور کرتے رہے۔

انگلینڈ کے خلاف بولنگ اٹیک کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میچ سے قبل پچ کا معائنہ کرنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا سپنر شاداب کو کھلایا جائے یا پھر فہیم اشرف کو ہی ٹیم میں برقرار رکھا جائے۔
سرفراز احمد سے پہلے سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے پریس کانفرنس میں اپنی ٹیم کی ناکامی کی وجہ خراب فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنے کو قرار دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لستھ ملنگا کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ملنگا آئندہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں گے یا نہیں۔
انھوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں ملنگا کی کارکردگی کو بہت سراہا اور کہا کہ انھوں نے پوری جان لگا کر بولنگ کی اور اگر کیچ نہ چھوڑے جاتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔







