’انڈیا اور پاکستان کے مابین کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے ایک مشاورتی اجلاس میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک میں ’کرکٹ ڈپلومیسی‘ کے لیے حالات سازگار نہیں۔
یہ بھی پڑھیے
دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کرکٹ سیریز کے انعقاد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کے ناطے خواتین اور معمر قیدیوں کی رہائی کا خیال تو زیرِ غور ہے لیکن سرحد پر پاکستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پاکستان یا انڈیا میں تو کیا کسی تیسرے مقام پر بھی بھی کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سشما سوراج کا یہ بھی کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی جانب سے سرحد پر فائرنگ کے 800 سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایسی فضا قائم نہیں ہو سکتی ہے، جس میں کھیل جیسی سرگرمیوں کا تبادلہ ہو۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ انڈین حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت دینے سے منع کیا ہو۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گذشتہ برس مارچ میں بھی بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے ایک خط کے ذریعے حکومت سے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی تاہم انڈین وزارتِ داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف دبئی میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ انڈیا کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے نئے فیوچر ٹور پروگرام کلینڈر میں انڈیا اور پاکستان کے مابین کوئی کرکٹ سیریز شیڈول نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی ہے کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ انڈیا میں اس وقت تک نہیں کھیل سکتا جب تک انڈیا 2014 کی مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان میں یا کسی تیسرے ملک میں نہیں کھیل لیتا اور اس بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔









