تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ٹیم کا تھا : اظہرعلی

اظہر علی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ابو ظہبی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اظہر علی کا کہنا ہے کہ اوپنر کی بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ٹیم کا تھا جسے وہ قبول کرتے ہیں کیونکہ ماضی میں بھی وہ ٹیم ہی کی خاطر ون ڈاؤن سے اوپنر بنے تھے۔

اظہرعلی نے بی بی سی کے سوال کے جواب میں کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کے جانے کے بعد ٹیم کے کامبی نیشن میں تبدیلی آئی ہے جس کی وجہ سے وہ ون ڈاؤن پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز ون ڈاؤن بیٹسمین کی حیثیت سے کیا تھا اور وہ اس پوزیشن پر دس سنچریوں اور 20 نصف سنچریوں کی مدد سے 3454 رنز بنا چکے ہیں۔

اظہر علی نے اوپنر کی حیثیت سے چار سنچریوں اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 1441 رنز سکور کیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو جس پوزیشن پر بھی ضرورت ہے وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور انھیں کپتان کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

اظہر علی کے مطابق ان کے زیادہ تر رنز نمبر تین پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے بنے ہیں لہذا اوپنر اور نمبر تین پر کھیلنے میں زیادہ فرق نہیں ہے۔