میلبرن ٹیسٹ: اظہرعلی کے ریکارڈز، ڈیوڈ وارنر کی سنچری

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
بارش کی دخل اندازی سے متاثر ہونے والے میلبرن ٹیسٹ میں بیٹسمین چھائے ہوئے ہیں۔
پہلے پاکستان نے اظہرعلی کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت پہلی اننگز 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے بھی ڈیوڈ وارنر کی سنچری کے ذریعے مؤثر جواب دیتے ہوئے تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر 278 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
تیسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز 310 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ محمد عامر دن کے پانچویں اوور میں 29 رنز بنا کر مچل سٹارک کی اس میچ میں واحد وکٹ بنے۔
برسبین ٹیسٹ کی طرح اس بار بھی پاکستانی ٹیل اینڈرز آسٹریلوی بولرز کی جان کو آگئے۔
سہیل خان جنھیں راحت علی کی جگہ اس میچ میں شامل کیا گیا ہے بیٹسمین کی حیثیت سے سب کو چونکا گئے۔
انھوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز اتنی ہی گیندوں پر سکور کر ڈالے جو ان کے فرسٹ کلاس کریئر کا بہترین انفرادی سکور بھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
سہیل خان نے اظہرعلی کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 118 رنز کا اضافہ کیا۔
وہاب ریاض کو ایک رن پر ہیزل ووڈ نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹیں مکمل کرلیں۔
443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر مصباح الحق نےاننگز ڈکلیئر کی تو اظہرعلی 20 چوکوں کی مدد سے205 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
اظہرعلی نے اس اننگز میں متعدد اہم سنگ میل عبور کیے۔ وہ آسٹریلوی سرزمین پر سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بیٹسمین بنے ہیں۔ ان سے قبل ماجد خان نے دسمبر1972 میں کھیلے گئے میلبرن ٹیسٹ میں 158 رنز بنائے تھے۔
اظہرعلی پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنھوں نے ایک ہی سال میں دو ڈبل سنچریاں سکور کی ہیں۔
اس ڈبل سنچری سے قبل انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی کے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری سکور کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہEPA
اظہرعلی پہلے مہمان اوپنر ہیں جنھوں نے میلبرن میں ڈبل سنچری سکور کی ہے ۔اس سے قبل اس گراؤنڈ پر کسی مہمان اوپنر کا بہترین انفرادی اسکور195 تھا جو بھارت کے وریندر سہواگ نے بنائے تھے۔
آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو اسے 46 کے مجموعی اسکور پر میٹ رینشا کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے لیکن اس کے بعد پاکستانی بولرز کو کامیابی نہ مل سکی۔
وہاب ریاض نے ڈیوڈ وارنر کو 81 کے سکور پر بولڈ کردیا لیکن وہ نوبال ہوگئی۔
ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 198 رنز کا اضافہ کیا۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنی 17ویں ٹیسٹ سنچری سکور کی۔ یہ ان کی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر پہلی سنچری بھی ہے۔
اس اننگز کے دوران انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پانچ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
وہ صرف ایک 143 گیندوں پر 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 144 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
امپائر ای این گلڈ نے انھیں ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا لیکن ریویو پر وہ آؤٹ دیے گئے۔
کھیل کے اختتام پر عثمان خواجہ اپنی چھٹی سنچری سے صرف پانچ رنز کی دوری پر تھے۔ ان کے ساتھ کپتان سمتھ دس رنز بناکر کریز پر تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP










