انڈیپنڈنس کپ: ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی

،تصویر کا ذریعہPCB
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسیسی کی قیادت میں چودہ رکنی ورلڈ الیون اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچ گئی ہے۔
ٹیم کے ایک کھلاڑی سیموئل بدری کیربیئن لیگ میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں پہنچے وہ پیر کی صبح لاہور پہنچیں گے۔
یہ ٹیم پاکستان کے خلاف لاہور میں بارہ تیرہ اور پندرہ ستمبر کو تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے لاہور پہنچنے پر ایئرپورٹ اور پھر ٹیم ہوٹل میں میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود متعلقہ وڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹیم کے ساتھ آئی سی سی کی پاکستان سے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں جنھوں نے ورلڈ الیون کے اس دورے کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جائلز کلارک اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی پیر کے روز مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے جس کے بعد ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈپلوسیسی اور کوچ اینڈی فلاور صحافیوں سے بات کریں گے۔
پیر کی شام پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ورلڈ الیون میں شامل جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر پریس کانفرنس کریں گے۔
ورلڈ الیون کے اس مختصر دورے کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ضمن میں انتہائی اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ اس دورے کی کامیابی کی صورت میں سری لنکا نے آئندہ ماہ پاکستان آکر ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا نومبر میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے لاہور آنا بھی سکیورٹی کی تسلی بخش صورتحال پر مشروط ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ورلڈ الیون کے دورے کے سلسلے میں لاہور میں انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹیم کی آمد سے پہلے ہی قذافی اسٹیڈیم اور ٹیم ہوٹل کو سکیورٹی کے حصار میں لیا جاچکا ہے ۔
آئی سی سی کی منظور شدہ سکیورٹی کمپنی کے حکام پہلے ہی سے لاہور میں موجود ہیں اور پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر سکیورٹی کے انتظامات کو موثر بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: فاف ڈپلوسیسی (کپتان)، ہاشم آملا، مورنی مورکلت ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، تمیم اقبال۔ تشارا پریرا، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، پال کالنگ ووڈ، جارج بیلی، بین کٹنگ، ٹم پین اور گرانٹ ایلیٹ۔
اس سیریز کے لیے اعلان کردہ سولہ رکنی پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فخرزمان، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، عمرامین، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، سہیل خان، محمد نواز، حسن علی، فہیم اشرف، رومان رئیس، عامر یامین اور عثمان شنواری شامل ہیں۔










