ورلڈ الیون کے خلاف پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں 16 رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اعلان کردہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد۔،احمد شہزاد، فخرزمان، بابراعظم، شعیب ملک، عمر امین، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان شنواری اور سہیل خان شامل ہیں۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق محمد نواز کی ٹیم میں واپسی اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس سال مئی میں ان پر ایک ماہ کی پابندی اور دو لا کھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
ان کے خلاف یہ کارروائی کرکٹر ناصر جمشید کی جانب سے کیے گئے رابطے کی اطلاع کرکٹ بورڈ کو نہ دینے پر کی گئی تھی۔
محمد حفیظ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
انھوں نے ویسٹ انڈیز کے گذشتہ دورے میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دو میچوں میں 81 اور 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کے خلاف 57 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فاسٹ بولر سہیل خان جو ماضی میں اپنی فٹنس کی وجہ سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی گڈبک میں نہیں تھے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نوجوان کرکٹرز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنے شائقین کے سامنے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔










