پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آج سے قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہو گئے ہیں۔
تین روز تک جاری رہنے والے فٹنس ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام 35 کھلاڑی شریک ہیں۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ان میں وہ کرکٹرز بھی شامل ہیں جو کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیل رہے تھے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں فوری طور پر لاہور طلب کر لیا تھا۔
یہ کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ دینے کے بعد دوبارہ کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیلنے روانہ ہوجائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیلنے والے کرکٹرز کو بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کا پابند کردیا تھا۔
تاہم اب بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ جب قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا اس وقت ورلڈ الیون کے پاکستان کے دورے کی تصدیق نہیں ہوئی تھی لیکن اب چونکہ ورلڈ الیون کے دورے کی تصدیق ہوگئی ہے لہذا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو اب نومبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ یہ کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ دینے کے بعد دوبارہ کاؤنٹی اور کیریبئن لیگ کھیل سکیں گے اور انھیں ورلڈ الیون کے دورے سے قبل لگائے جانے والے قومی کیمپ میں شرکت کے لیے پاکستان آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، لیگ سپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولرز جنید خان اور محمد عامر کا کاؤنٹی کرکٹ میں معاہدہ ہے۔ اوپنر فخر زمان نے بھی سمرسٹ کاؤنٹی سے کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا لیکن وہ یہ سیزن نہیں کھیل سکے۔
کیریبئن لیگ کھیلنے والے سینٹرل کنٹریکٹ کرکٹرز میں محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض، بابر اعظم اور شاداب خان شامل ہیں۔ تین دیگر کرکٹرز محمد سمیع، سہیل تنویر اور کامران اکمل بھی کیریبئن لیگ کھیل رہے ہیں لیکن وہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن امکان یہی ہے کہ یہ دورہ 12 سے 15 ستمبر تک ہوگا جس میں ورلڈ الیون لاہور میں چار ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔








