'عرفان صاحب نیل پالش اسلام میں حرام ہے'

عرفان پٹھان اور ان کی اہلیہ

،تصویر کا ذریعہIRFAN PATHAN TWITTER

،تصویر کا کیپشنعرفان پٹھان سے قبل محمد شامی نے اپنی اہلیہ کی تصویر ڈالی تھی وہ بھی وائرل ہوئی تھی

انڈین کرکٹر عرفان پٹھان کی اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

اس تصویر میں عرفان پٹھان کی اہلیہ نے ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا رکھا لیکن ان کی انگلیوں پر نیل پالش نظر آ رہی ہے۔

اس تصویر پر لوگوں کا زبردست ردعمل سامنے آيا ہے۔ زیادہ تر لوگوں نے جہاں ان کی تعریف کی ہے وہیں بعض لوگوں نے انھیں ہدایات بھی دی ہیں اور ٹرول بھی کیا ہے۔

بعض نے انھیں اسلامی شعار کے بارے میں بھی بتانے کی کوشش کی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انڈین کرکٹر محمد شامی کی اہلیہ کی تصویر پر زیادہ تنقید ہوئی تھی اور محمد کیف سمیت کئی کرکٹرز نے ان کی حمایت میں ٹویٹس کیے تھے۔

عرفان نے فیس بک پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: 'دس گرل از ٹربل‘۔ عرفان پٹھان اپنے انداز میں اپنی اہلیہ کو 'پریشانی' کہہ رہے تھے۔

عرفان کی پوسٹ

،تصویر کا ذریعہFacebook

،تصویر کا کیپشناس پوسٹ کو تقریباً چار ہزار بار شیئر کیا گیا ہے

فیس بک پر اس کو تقریباً چار ہزار بار شیئر کیا گیا اور دس ہزار سے زیادہ لوگوں نے اس پر تبصرہ کیا۔

شیخ علیم نام کے فیس بک یوزر نے لکھا: 'ڈیئر پٹھان بھائی اچھی تصویر ہے لیکن آپ کی بیوی کو نیل پالش استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ یہ اسلامی نہیں ہے۔ براہ مہربانی سمجھنے کی کوشش کریں۔'

محمد جہانگیر عالم نام کے فیس بک یوزر نے لکھا: 'میرے بھائی آپ تو بہت سمجھدار اور عقل مند بھی ہیں۔ آپ کو اپنی بیوی کی تصویر سوشل میڈیا پر نہیں ڈالنی چاہیے اور ناخن پر نیل پالش اسلام میں حرام ہے۔'

عرفان اور یوسف پٹھان
،تصویر کا کیپشنعرفان اور یوسف پٹھان ایک پروگرام میں قطرینہ کیف کے ساتھ نظر آ رہے ہیں

ایک دوسر فیس بک صارف نے لکھا: 'میں یہاں زیادہ تر مسلمانوں سے متفق ہوں۔ آپ کی بیوی نے جس طرح کے کپڑے پہنے ہیں وہ شرمناک ہیں۔ انہیں برقعہ اور حجاب پہننا بند کرنا چاہیے اور آزاد انسان کی طرح کپڑے پہننے چاہیے۔'

عرفان نے اس تصویر کو ٹویٹر پر بھی شیئر کیا اور لکھا: 'کچھ تو لوگ کہیں گے لوگوں کا کام ہے کہنا۔'

نزيل خان نام کے ٹویٹر صارف نے لکھا: 'خوبصورت تصویر ہے۔ بہت دنوں بعد آپ کی طرف سے ٹویٹ آیا ہے۔۔۔خوبصورت جوڑا ماشاء اللہ۔'