مہندر سنگھ دھونی کی سرفراز احمد کے بیٹے کے ساتھ تصویر وائرل

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل سے قبل جہاں دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کا جوش اپنے عروج پر ہے تو وہیں انڈین کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
کرکٹ کی تاریخ کے ایک بڑے مقابلے سے پہلے فیس بک سے لے کر ٹویٹر پر دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کے درمیان سخت بیان بازی جاری ہے۔
لیکن اس کے درمیان ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بیٹے عبداللہ کے ساتھ نظر آئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ تصویر سینیئر ٹی وی صحافی راجدیپ سردیسائی نے جاری کی ہے۔
کوہلی سوشل میڈیا سے دور ہو گئے

،تصویر کا ذریعہReuters
دوسری جانب انڈین ٹیم کے کپتان کوہلی نے فائنل سے پہلے سوشل میڈیا کا استعمال ترک کر دیا ہے تاکہ تمام توجہ میچ کی تیاری پر رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے خود کو روکنا ان کی اور انڈیا کے فام میں آنے کی بڑی وجہ ہے۔
کوہلی کے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اکاؤنٹس پر تقریباً چھ کروڑ 56 لاکھ فالورز ہیں تاہم کوہلی کے مطابق کامیابی کی کنجی یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر منفیت اور انتشار توجہ سے دور رہا جائے۔
کوہلی کے مطابق 'صاف گوئی سے، یہ مضحکہ خیز لگتا ہے لیکن یہ بہت اہم ہے کہ ان چیزوں سے دور رہا جائے اور ان چیزوں سے خود کو جوڑا جائے جو اہمیت رکھتی ہیں۔یہ مشکل کام ہے لیکن خود کو اچھی ذہنی حالت میں رکھنے کے لیے اس طرح کی کوشش کرنا پڑتی ہے۔ اگر آپ بہت زیادہ مشوروں، کھلاڑیوں یا تنقید کو بہت زیادہ سنتے ہیں تو اس صورت میں آپ کو ایک کھلاڑی کے طور پر جس کی چیز پر سوچنے کی ضرورت ہے اس پر توجہ نہیں سکتے اور نہ ہی اپنی ٹیم کی رہنمائی کر سکتے ہیں اور پھر ٹیم میں دوسروں کی مدد کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ آج اتوار کو کرکٹ کے دو روایتی حریف پاکستان اور انڈیالندن کے اوول کرکٹ گرؤانڈ پر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اس بار کوئی افسوس نہیں ہونا چاہیے جیسا کہ انڈیا کے ساتھ پہلے میچ میں ہوا تھا۔
فائنل میں ویراٹ کوہلی اس ٹورنامنٹ میں اس اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ سرفراز نہ صرف خود کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کپتانی پہلی مرتبہ کر رہے ہیں بلکہ پاکستانی ٹیم بھی پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچی ہے۔










