پرتگال کے کپتان رونالڈو نے جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کر دی

،تصویر کا ذریعہEPA
روس میں کنفیڈریشن کپ کے سیمی فائنل میں پرتگال کی شکست کے فوراً بعد پرتگال کے کپتان کرسچیانو رونالڈو نے اعلان کیا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
کئی دنوں سے پرتگال کا میڈیا یہ رپورٹ کر رہا تھا کہ ان کے جڑواں بچے امریکہ میں ایک سروگیٹ یا متبادل ماں کے ہاں پیدا ہوئے ہیں۔
لیکن انھوں نے اپنے جڑواں بچوں کی خبر کی تصدیق اس وقت کی جب ان کی قومی ٹیم سیمی فائنل میں چلی کے ہاتھوں پینلٹیز پر ہار گئی۔
رونالڈو نے اپنے فیس بک صفحے پر لکھے گئے ایک پیغام میں کہا کہ 'بالآخر میں اپنے بچوں کے پاس پہلی مرتبہ جانے پر بہت خوش ہوں۔'

،تصویر کا ذریعہEPA
رونالڈو کا ایک اور بچہ کرسچیئن رونالڈو جونیئر بھی ہے جو جون 2010 میں پیدا ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریال میڈرڈ کے فارورڈ نے اپنے پیغام کے آغاز میں لکھا کہ وہ جڑواں بچوں کے پیدائش کے باوجود اپنے 'جسم اور روح' کے ساتھ ٹیم کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ 'بدقسمتی سے ہم اپنے اہم سپورٹنگ مقصد کو حاصل نہیں کر سکے۔'
کاذان میں کھیلا جانے والا سیمی فائنل 0۔0 سے برابر رہا اور بعد میں چلی پینلٹیز پر یہ میچ جیت گیا۔
رونالڈو کے جڑواں بچوں کے متعلق زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں لیکن پرتگال سے آنے والی غیر مصدقہ خبروں کے مطابق ان کی پیدائش کنفیڈریشن کپ سے قبل 8 جون کو ہوئی تھی۔ ایس آئی سی ٹی وی چینل کے مطابق یہ بچے ایک لڑکا اور لڑکی ہیں اور ان کے نام میٹیو اور ایوا ہیں۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فیفا فٹبالر آف دی ایئر کی والدہ ڈولیریز ایویئرو بچوں کی پیدایش کے بعد امریکہ گئی تھیں۔
پرتگال کی فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں رونالڈو کے باپ بننے کے باوجود ٹیم کے ساتھ روس جانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس عمل کو ’نمایاں کرنا چاہیے اور اس کو سراہنا چاہیے۔'
رونالڈو اپنی گرل فرینڈ جیورجینا روڈریگیز کے ہمراہ جمعرات کی صبح کاذان سے چلے گئے ہیں۔







