چیمپیئنز ٹرافی:'فائنل میں یا تو غدر یا پھر لگان ہو گا'

سرفراز اور کوہلی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنلوگ سوشل میدیا میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان فائنل کے امکانات پر باتیں کر رہے ہیں

انگلینڈ اور ویلز میں جاری چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والا میچ انڈیا اور پاکستان دونوں ہی ممالک میں ٹوئٹر پر موضوع بحث رہا۔

پاکستان نے میچ میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بنی۔ اس طرح اب اس کا مقابلہ گروپ اے کی سرفہرست ٹیم انگلینڈ سے بدھ کو کارڈف میں ہوگا۔

سوشل میڈیا میں جہاں سری لنکا کی خراب فیلڈنگ گرما گرم بحث کا موضوع رہی وہیں انڈیا اور پاکستان کے ایک بار پھر آمنے سامنے ہونے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

انڈیا اور پاکستان اگر اپنے اپنے سیمی فائنلز مقابلے جیت لیتے ہیں تو فائنل انھی کے درمیان ہو گا۔

ساز صادق نامی ایک ٹویٹر صارف نے لکھا: 'سری لنکا اور پاکستان دونوں ہی میچ ہارنے کی پوری کوشش کر رہے تھے۔'

جبکہ میر انشا نے لکھا: 'سری لنکا خود ہی پاکستان کو سیمی فائنل میں بھیجنے کی کوشش کر رہا تھا۔ کتنی پیاری بات ہے۔'

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter

انڈیا پاکستان کے فائنل میں آنے کے امکانات پر بہت سے لوگ پہلے سے بھی بات کرتے آ رہے ہیں لیکن پیر کی شب پاکستان کے سیمی فائنل میں جاتے ہی لوگوں کی توقعات میں اضافہ نظر آیا۔

کئی ٹوئٹر ہینڈل سے یہ بات سامنے آئی: 'چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا اور انگلینڈ کا مقابلہ ہوا تو وہ لگان ہو گا اور اگر انڈیا اور پاکستان مد مقابل ہوئے تو غدر ہو گا۔'

خیال رہے کہ 'لگان' اور 'غدر' دونوں بالی وڈ فلمیں ہیں جن میں انڈیا انگلینڈ اور پاکستان سے مقابلہ کرتا ہے۔

سری لنکا کے سٹار بولر لستھ ملنگا کی گیند پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے دو کیچ ڈارپ کیے جانے پر ملنگا ناراض نظر آئے۔

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنیہ تصویر سری لنکا کے غصے کو بیان کرتی ہے

سمپت بنداروپلّی نے لکھا کہ 'شاید لستھ ملنگا نے آج اپنے کیریئر کے سارے جذبات اس میچ میں ظاہر کر دیے۔'

تھیسارا پریرا نے سرفراز احمد کا کیچ چھوڑا اور بعد میں سرفراز نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اسی لیے سری لنکائی ٹیم کے پرستار، پریرا سے بھی خاصے خفا نظر آئے۔

ملنگا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنملنگا کی گیند پر کیچ چھوٹ جانے کے بعد ان کا رد عمل

مونیکا نے لکھا ہے کہ'سب سے خراب فیلڈنگ متعدی ہوتی ہے۔ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے سے پھیلتی ہے۔'

روفل گاندھی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک شخص نے لکھا 'یعنی اب انگلینڈ کا مقابلہ 1947 سے قبل کے غیر منقسم ہندوستان سے ہے۔'

ان کا اشارہ انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش تینوں ٹیموں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی جانب تھا۔