وارم اپ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی دو وکٹوں سے فتح

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی چیمپیئز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے 342 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی تیسری گیند کر حاصل کر لیا۔
نوجوان پاکستانی کھلاڑی فہیم اشرف اور حسن علی نویں وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بناتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
فہیم اشرف نے 30 گیندوں پر 64 رنز بنائے جبکہ حسن علی 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
342 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 19 کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ اظہر علی آٹھ اور بابر اعظم ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے قدرے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔
محمد حفیظ نے 49 اور احمد شہزاد نے 46 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد صرف ایک رن بنا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی جانب سے شعیب ملک سب سے نمایاں بلے باز رہے جنھوں نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔
عماد وسیم نے 45 رنز بنائے اور شاداب خان سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، مشرقی مرتضیٰ، شفیع السلام، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے ایک، ایک اور مہدی حسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 27 کے سکور پر گری جب سومایا سرکار جنید خان کی گیند پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد تمیم اقبال اور امرالقیس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز کی شراکت قائم کی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تمیم اقبال نے نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جبکہ امرالقیس نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں مشفیق الرحیم 46، شکیب الحسن 23، محمود اللہ 29، مصدق حسین 26 اور مہدی حسن 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان سب سے کامیاب لیکن مہنگے بولر رہے۔ انھوں نے اپنے نو اوورز میں 74 رنز دیے۔ دیگر بولروں میں حسن علی اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وہاب ریاض نے اپنے نو اوورز میں 68 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف چار جون کو کھیلے گا۔









