آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی: سرفراز کے ساتھ کوہلی کا بھی کڑا امتحان

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ذیشان علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی کا دوسرا بڑا ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی ہے جو آئندہ ہفتے انگلینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی آٹھ پوزیشنز پر موجود ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ان ٹیموں میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ٹیموں میں سے چھ ٹیمیں ایسی ہیں جن کے کپتان پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔
سری لنکا اور جنوبی افریقہ وہ دو ٹیمیں ہیں جن کے کپتان اس سے قبل سنہ 2013 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں بھی کپتانی کر چکے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ کپتانی کرنے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، وراٹ کوہلی، ایئن مورگن، سٹیون سمتھ، مشرفی مرتضیٰ اور کین ولیمسن شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان آٹھ ٹیموں میں سے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈولیئرز اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز وہ کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی چیمپیئنز ٹرافی میں کپتانی کر چکے ہیں۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پہلی مرتبہ کپتانی کرنے والے کپتان:
سرفراز احمد

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس ٹورنامنٹ میں سے سب کم تجربہ رکھنے والے کپتان ہوں گے۔ رواں سال فروری میں اظہر علی کے کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد سرفراز احمد کو یہ ذمہ داری سونپی گئی۔
ان کی کپتانی میں اب تک پاکستان نے چار ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین میں انھیں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وراٹ کوہلی

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کو ورلڈ ٹی 20، ایک روزہ میچوں کا عالمی کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے کے بعد وراٹ کوہلی کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
2013 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے وراٹ کوہلی اب تک کل 20 میچوں میں انڈین ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے صرف چار میچوں میں انھیں شکست جبکہ 16 میچوں میں کامیابی ہوئی ہے۔
ایئن مورگن

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین نے 2011 میں پہلی مرتبہ انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی تاہم انھیں یہ موقع اس وقت کے انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک کی عدم موجودگی کی وجہ سے عبوری طور پر دیا گیا تھا۔
ایئن مورگن اب تک کل 57 میچوں میں انگلش ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے 31 مقابلوں میں انھیں کامیابی ہوئی ہے جبکہ ان کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک 23 میچ ہار چکی ہے۔
سٹیون سمتھ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کی قیادت اس مرتبہ سٹیون سمتھ کر رہے ہیں۔ ان سے قبل 2013 میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان جارج بیلی تھے۔
سمتھ کی کپتانی میں اب تک آسٹریلیا نے کل 38 میچ کھیلے ہیں۔ 23 ایک روزہ میچوں میں انھیں کامیابی ہوئی ہے جبکہ 14 میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
کین ولیمسن

،تصویر کا ذریعہAFP
اس وقت عالمی کرکٹ میں صف اول کے بیٹسمینوں میں شامل کین ولیم سن آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کی ایک روزہ ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔
کین ولیم سنہ 2012 سے اب تک 38 ایک روزہ میچوں میں کپتانی کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کو 18 میچوں میں شکست اور 18 ہی میں کامیابی ہوئی ہے۔
مشرفی مرتضیٰ

،تصویر کا ذریعہAFP
سنہ 2006 کے بعد آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنانے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کی قیادت مشرفی مرتضیٰ کر رہے ہیں۔ آخری مرتبہ بنگلہ دیش نے یہ ٹورنامنٹ حبیب البشر کی قیادت میں کھیلا تھا۔ اس مرتبہ بہتر رینکنگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کو یہ ٹورنامنٹ ایک بار پھر کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
مشرفی مرتضیٰ کل 43 میچوں میں بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان کی کپتانی میں بنگلہ دیش کو 26 میچوں میں کامیابی اور 16 میں شکست ہوئی ہے۔









