’خالد لطیف کے خلاف اتنے ثبوت ہیں کہ بچنا مشکل ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں معطل کے گئے کرکٹرز کے موقف پر جواب ٹریبونل میں جمع کروا دیا ہے۔
بدھ کو لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ کرکٹر خالد لطیف کے خلاف اتنے ثبوت ہیں کہ ان کا بچنا مشکل ہے۔
خیال رہے کہ معطل کیے جانے والے ان کھلاڑیوں کے خلاف الزامات کی سماعت ایک خصوصی اینٹی کرپشن ٹربیونل کر رہا ہے۔
تفضل رضوی کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ’تمام کھلاڑیوں کے بارے میں فیصلہ ٹریبونل ہی کرے گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ ان دنوں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات میں مصروف ہے جس میں فاسٹ بولر محمد عرفان کو چھ ماہ کے لیے معطل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر چار کرکٹرز ناصر جمشید۔، شرجیل خان، خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کے خلاف تحقیقاتی عمل جاری ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جبکہ گذشتہ دنوں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی ممکنہ خلاف ورزی پر نوجوان کرکٹر محمد نواز کو بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
پیر کی شام پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بورڈ کے سکیورٹی اور نگرانی کے شعبے نے محمد نواز کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 4.3 کے تحت نوٹس آف ڈیمانڈ بھیجا۔
دوسری جانب ناصر جمشید کو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے عالمی کرکٹ میں میچ اور سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں جاری تحقیقات کے تناظر میں بھی حراست میں لیا تھا تاہم انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔










