اینٹی کرپشن کوڈ کی ممکنہ خلاف ورزی پر محمد نواز کو نوٹس جاری

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کرکٹ سے کرپشن کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کے سلسلے میں اینٹی کرپشن کوڈ کی ممکنہ خلاف ورزی پر نوجوان کرکٹر محمد نواز کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
پیر کی شام پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بورڈ کے سکیورٹی اور نگرانی کے شعبے نے محمد نواز کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 4.3 کے تحت نوٹس آف ڈیمانڈ بھیجا ہے۔
اینٹی کرپشن کوڈ کی اس شق کا تعلق مشکوک فرد یا افراد کی جانب سے کی گئی پیشکش کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تاخیر سے مطلع کرنے سے ہے۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد نواز کے بارے میں یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اس شق کی خلاف ورزی کب کی تھی لیکن اطلاعات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے گدشتہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران محمد نواز سے مبینہ طور پر مشکوک افراد نے رابطہ کیا تھا جس کے بارے میں محمد نواز نے تاخیر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا تھا۔
23 سالہ محمد نواز تین ٹیسٹ، نو ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ ان دنوں سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات میں مصروف ہے جس میں فاسٹ بولر محمد عرفان کو چھ ماہ کے لیے معطل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر چار کرکٹرز ناصر جمشید۔، شرجیل خان، خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کے خلاف تحقیقاتی عمل جاری ہے۔
ان کے خلاف الزامات کی سماعت ایک خصوصی اینٹی کرپشن ٹربیونل کر رہا ہے۔
ناصر جمشید کو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے عالمی کرکٹ میں میچ اور سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں جاری تحقیقات کے تناظر میں بھی حراست میں لیا تھا تاہم انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔










