100 وکٹیں، چھٹی بہترین آل راؤنّڈر

ثنا میر
،تصویر کا کیپشنثنا میر نے کولمبو میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز کے دوران اپنی 100 وکٹیں پوری کیں
    • مصنف, ارم عباسی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں وہ کپتان کے طور پر آخری مرتبہ کھیلیں گی۔

ورلڈ کپ 2017 کے کوالیفائنگ میچز کے لیے کولمبو میں موجود ثنا میر نے بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا 'ون ڈے کرکٹ کا تو میرا یہی ارادہ ہے کہ یہ میرے آخری میچز ہوں مگر کپتان کے طور پر تو میں یقینی طور پر آخری مرتبہ ہی کھیلوں گی۔'

کولمبو میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ثنا میر کی کپتانی میں سوموار کو پاکستانی ٹیم نے سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سپر سکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جیت کا سہرا ثنا میر کو جاتا ہے جنھوں نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے فتح کو یقینی بنایا۔

،ویڈیو کیپشنثنا میر کا نیا ریکارڈ

اسی ٹورنامنٹ میں ثنا میر کو 100 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اب وہ دنیا کی چھٹی بہترین آل راؤنڈر بن گئی ہیں۔

وہ کہتی ہیں 'میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے۔ امید ہے اس سے آگے آنے والی لڑکیوں کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ مجھے تو 12 سال لگے یہ اعزاز حاصل کرنے میں کیونکہ شروع میں ہمیں میچ کھیلنے کے لیے ملتے ہی نہیں تھے۔ مگر امید ہے آنے والی لڑکیاں 100 وکٹیں جلدی حاصل کر لیں گیں۔'

ثنا میر
،تصویر کا کیپشنثنا میر نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )کے دوسرے سیزین میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ثنا میر نے کہا 'یہ پی سی بی کا بہت اچھا قدم ہے کہ اس نے اندرونی تحقیقات شروع کیں ہیں کیونکہ اس سے آئندہ آنے والے کرکٹرز کو سپاٹ فکسنگ کے نقصانات سے آگاہی ملے گی۔ بیرون ملک پہلے ہی اس بارے میں سختی برتی جاتی ہے اب پاکستان میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔'

تو ثنا میر پی ایس ایل میں کس کو سپورٹ کر رہی ہیں؟

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPsl

،تصویر کا کیپشنپی ایس ایل کے میچوں میں ثنا میر کی دلچسپی ہے

'بہت مشکل ہے کیونکہ ہر ٹیم میں ایسے کھلاڈی موجود ہیں جن کی وجہ سے کبھی لگتا ہے ایک ٹیم جیت جائے تو کھبی دوسری۔ گذشتہ برس بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بہت اچھا کھیلا اور پشاور زلمی سے بھی مجھے امید ہے کہ ڈیرین سیمی کی کپتانی میں اچھا پرفارم کرے گی۔ تو اس مرتبہ ٹیموں میں اچھا توازن ہے۔'

ان کا کہنا ہے 'کولمبو میں ہماری ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور کوشش رہے گی کہ اسی مومینٹم کو سپر سکسز میں لے کر جایا جائے تاکہ ہم ورلڈ کپ کے لیے آسانی سے کوالیفائی کر جائیں۔'