آئی سی سی نے پاکستان ویمن ٹیم کو فاتح قرار دے دیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز نہ ہونے پر پاکستان کو فاتح قرار دیتے ہوئے ان میچوں کے پوائنٹس پاکستان کو دے دیے ہیں۔
یہ فیصلہ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی تحریری درخواستوں پر غور کرنے کے بعد کیا ہے۔
آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ یہ سیریز نہ کھیلنے کے بارے میں قابل قبول وجوہات پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی خواتین چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم اگست سے اکتیس اکتوبر کے دوران کھیلے جانے تھے لیکن بھارت کے نہ کھیلنے کے بعد یہ معاملہ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
کمیٹی نے تینوں میچز کے کل چھ پوائنٹس پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی ہر میچ کے 50 اوورز میں بھارت کا صفر رن تصور کیا جائے گا اور اسی کی روشنی میں رن ریٹ بھی مرتب کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ ویمنز چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا اور پاکستان کی ساتویں اور بھارت کی پانچویں پوزیشن برقرار رہے گی۔
آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ آئندہ سال 26 جون سے 23 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ۔ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں براہ راست حصہ لیں گی جبکہ دیگر چار ٹیموں کا فیصلہ آئندہ سال فروری میں سری لنکا میں ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، زمبابوے، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔



