پشاور زلمی کی کراچی کنگز کے خلاف سات وکٹوں سے فتح

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنآئن مورگن کی نصف سنچری کے مدد سے پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جمعے کو پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کے تیسرے میچ میں آئن مورگن کی نصف سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو باآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

آئن مورگن 80 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر مین آف دی میچ کے حقدار بنے جبکہ حارث سہیل تیرہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے 119 رنز کے دفاع میں اچھی شروعات کی اور پشاور زلمی کے دو کھلاڑی دو رنز کے سکور پر پیویلین واپس لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد زلمی کے آئن مورگن نے ڈیوڈ ملن کے ساتھ 46 رنز کی شراکت قائم کی اور تیسری وکٹ گرنے کے بعد حارث سہیل کے ساتھ مزید 71 رنز سکور کر کے ہدف انیسویں اوور میں عبور کر لیا۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر اور عماد وسیم نے اچھی بولنگ کی لیکن کم ہدف کی وجہ سے وہ پشاور پر دباؤ نہ ڈال سکے اور نہ ہی کراچی کی فیلڈنگ نے ان کا ساتھ دیا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والی کراچی کنگز اپنی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رنز بنا سکی۔ ان کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری مکمل نہ کر سکا اور صرف سابق کپتان شعیب ملک اور آل راؤنڈر روی بوپارا نے قابل ذکر سکور کیے۔

کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز تباہ کن طریقے سے ہوا تھا اور پہلی چار وکٹیں بارہ رنز کے سکور پر گر چکی تھیں۔

بابر اعظم کی وکٹ اس اعتبار سے خاص تھی کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ان کا ایک ناقابل یقین کیچ لیا تھا اور اس کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک سیلفی لینے کے منفرد انداز میں اس وکٹ کی خوشی منائی۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنڈیرن سیمی نے بابر اعظم کا کیچ لینے کے بعد اس کا جشن منفرد انداز میں منایا

پشاور زلمی کا پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں یہ دوسرا میچ تھا۔ افتتاحی میچ میں اسے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہفتے کے روز ٹورنامنٹ میں دو اور میچز کھیلیں جائیں گے جن میں پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا جبکہ رات نو بجے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آمنا سامنا ہوگا۔