لاہور قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں آٹھ رنز سے شکست

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو اپنے پہلے میچ میں آٹھ رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں جمعے کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو آٹھ رنز سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جارحانہ شروعات کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہمت نہیں ہاری اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

پہلے تین اوور میں سکور 34 رنز تک پہنچ گیا تھا لیکن ذوالفقار بابر نے جیسن رائے کو 27 رنز اور قلندرز کے نئے کپتان برینڈن میککلم کو 20 رنز پر شکار کر لیا۔ اس کے بعد قلندرز کے مڈل آرڈر کے بلے باز یکے بعد دیگرے ڈھیر ہوتے چلے گئے اور 77 رنز تک چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

لیکن اس کے بعد پچھلا سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنے والے گرانٹ ایلیٹ اور سپنر سنیل نارائن نے 40 رنز کی شراکت قائم کی اور ایسا لگ رہا تھا کہ قسمت قلندرز کے ساتھ ہے۔

لیکن پھر محمد نواز نے پہلے ایلیٹ کو آؤٹ کر دیا اور اگلے اوور میں ٹائمل مل نے دو وکٹیں حاصل کر لیں۔

آخری وکٹ حسن خان کے حصے میں آئی جنھوں نے یاسر شاہ کو آؤٹ کر کے فتح یقینی کر لی۔ سولہ رنز اور دو وکٹیں لینے کے صلے میں ان کو مین آف دی میچ کے اعزاز بھی ملا۔

اس سے قبل قلندرز کے کپتان برینڈن میککلم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنلاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو صرف 136 رنز تک محدود رکھا

گلیڈی ایٹرز اپنی اننگز میں 136 رنز بنا سکے اور ان کی جانب سے صرف رائلی روسو نے خاطر خواہ کارکردگی دکھائی اور نصف سنچری کرنے میں کامیاب ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے تین جبکہ سنیل نارائن اور سہیل تنویر دو دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم گذشتہ سیزن کی رنر اپ تھی جبکہ لاہور قلندرز کی کارکردگی گذشتہ سیزن میں مایوس کن رہی اور وہ آخری نمبر پر آئی تھی۔

جمعے کو پی ایس ایل کا دوسرا میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کا آغاز جمعرات کو ہوا اور اس کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کی ٹیم کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔