’ٹاس جیت کر فیصلہ کیا کہ شائقین سو جائیں‘

،تصویر کا ذریعہPSL
- مصنف, ذیشان علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
دبئی میں جہاں پاکستان سپر لیگ 2017 کا کرکٹ سٹیڈیم میں آغاز ہوا وہیں ٹوئٹر پر پی ایس ایل ٹرینڈ شروع ہو چکا ہے۔
جمعرات کو جیسے ہی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے آغاز کا وقت قریب آتا گیا اور سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرنے لگا تو سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر بھی پی ایس ایل سے متعلق ٹرینڈز گردش کرنا شروع ہوگئے۔
گذشتہ رات اور جمعہ کی صبح تک بھی پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ پاکستان سپر لیگ ہی سے متعلق تھے۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پہلے تو صارفین نے پی ایس ایل 2017 کی افتتاحی تقریب کو خوب سراہا اور تعریفی ٹوئٹس وغیرہ کرتے رہے، اور بعد میں جیسے ہی پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلے میچ کا آغاز ہوا تب بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔
سوشل میڈیا کے میدان پر اترنے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ فنکاروں، معروف شخصیات اور کرکٹرز بھی شامل ہیں۔
نیپال میں للت پور سے سودیپ نامی ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا: ’پی ایس ایل 2017 ٹرینڈ کر رہا ہے، یہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔‘
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی پیچھے نہیں رہا اور لکھا گیا: ’پوری قوم خوشی اور جذبات کے اس لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ایک اور صارف فہد فہیم نے لکھا کہ ’کیا خوب آغاز ہوا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خبیث عورت نامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لکھا گیا : ’اگر آپ پی ایس ایل 2017 کے لیے پرجوش نہیں ہیں تو براہ مہربانی اپنا شناختی کارڈ نادرا میں جمع کروائیں اور پاکستان سے نکل جائیں۔‘
مم بیکر نامی ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ میں کہا گیا 'انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کا بجٹ پاکستان سپر لیگ کے پورے بجٹ جتنا ہے۔'

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جس کے بارے میں بہت مذاق اڑایا گیا۔
عثمان سمیع الدین نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر میچ میں تاخیر نہ ہو تو کیسے معلوم چلے کہ پاکستان کی سپر لیگ ہے۔
ایک اور صارف ’بی کے‘ نے استفسار کیا 'میچ شروع ہونے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔'
ایک اور صارف رانا شازب نے لکھا 'اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیصلہ کیا ہے کہ شائقین سو جائیں۔'

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پشاور زلمی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے میچ کے بعد ٹویٹ کیا گیا 'شاندار میچ زلمی! ہم مزید قوت سے اگلے میچ میں آئیں گے۔'
زلمی کی شکست پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’آج قسمت نے ساتھ نہ دیا، لیکن کامران اکمل نے بہت اچھا کھیلا، اور اچھا مقابلہ ہوا۔ اگلے میچ میں مزید یکجا ہو کر آئیں۔‘
وہیں شاہد آفریدی نے ٹویٹ کی: ’ہمت نہ ہاریں۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پاکستانی آف سپنر سعید اجمل جو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں نے میچ کے اختتام پر ٹویٹ کی : ’پہلی جیت پر بہت خوش ہوں، لڑکوں نے بار پھر کر دکھایا، خاص طور پر شین واٹسن۔‘
پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی ایک بار پھر وہ کارکردگی نہ دکھا سکے جس کا انتظار زلمی اور شاہد آفریدی کے مداحوں کو تھا۔
ان کی چھوٹی اننگز کے حوالے سے ’آئی سپورٹ پی ایس ایل‘ کے اکاؤنٹ سے پانچ سیکنڈ کی ویڈیو شائع کی گئی ہے اور ساتھ لکھا ہے 'شاہد آفریدی کی اننگز کا دورانیہ۔‘
پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداحوں کے درمیان ٹوئٹر پر طنز و مزاح کی جنگ تو جاری ہے۔ لیکن آج اس جنگ میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے مداح بھی شریک ہونے والے ہیں۔









