سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہPSL
پاکستان سپر لیگ 2017 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
بارش کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لیوس کے تحت 18 اوورز میں 173 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے میچ کے آخری لمحات میں شین واٹسن نے عمدہ بیٹنگ کی۔ انھوں نے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب حسن علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں شرجیل خان کو آؤٹ کر دیا، وہ صرف ایک رن بنا سکے۔
بریڈ ہڈن تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سمتھ نے بھی ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بریڈ ہڈن کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے دوران بارش کے باعث کچھ دیر کے لیے کھیل روکنا پڑا جس کی وجہ سے دو اوورز کا کھیل ضائع ہوا اور ڈک ورتھ لیوس کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 18 اوورز میں 173 رنز کا ہدف ملا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہPSL
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے اور اس کی اننگز کی خاص بات کامران اکمل کی عمدہ بیٹنگ تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شین واٹسن نے چار، محمد عرفان اور محمد سمیع نے دو، دو اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور میچ کے پہلے اوور میں عرفان کی گیند پر حفیظ آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد کامران اکمل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد سمیع کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 122 کے مجموعی سکور پر گری جب ملان 30 گیندوں پر 43 رنز بنا کر واٹسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPSL
مورگن ایک رن بنا کر سعید اجمل کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان ڈیرن سیمی سات رنز بنا کر محمد عرفان کا شکار بنے۔
شاہد آفریدی صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور اس سے اگلی ہی گیند پر انھوں نے حارث سہیل کو آؤٹ کر دیا۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو بغیر کوئی رن بنائے محمد سمیع کی دوسری وکٹ بنے۔
نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسن علی تھے جنھوں نے چار رنز بنائے۔
اسلام آباد کی ٹیم کی قیادت بدستور مصباح الحق کے پاس ہے تاہم اس سیزن میں پشاور زلمی کی قیادت شاہد آفریدی کی جگہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کر رہے ہیں۔
میچ سے قبل اسی سٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ تقریب سے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مجموعی طور پر 24 میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے دبئی 13 اور شارجہ 10 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔









