ممبئی کرکٹ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز کی شکست

ٹیم انڈیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنکپتان وراٹ کوہلی کو ان کی ڈبل سنچری کی بدولت مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

ممبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 36 رنز سے شکست دے کر 3-0 سے سیریز جیت لی ہے اور اینتھونی ڈیمیلو ٹرافی اپنے پاس ہی رکھی ہے۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے اور اسے میچ بچانے کے لیے تقریبا سارا دن کھیلنا تھا لیکن پانچویں دن چند اووروں میں ہی باقی ماندہ وکٹیں بھی گر گئيں۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جانی بیروسٹو کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین مزاحمت نہ کر سکا اور ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔

پیر کو گرنے والی چاروں وکٹیں روی چندرن ایشون نے حاصل کیں۔ انھوں نے اننگز میں چھ اور میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں لیں۔

وراٹ کوہلی کو ان کی ڈبل سنچری کی بدولت مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

ٹیم انڈیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنآر ایشون نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں

پہلی اننگز میں کوہلی کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت انڈیا نے 231 رنز کی سبقت حاصل کی تھی جبکہ انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں صرف 195 رنز ہی بنا سکا۔

اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کوہلی کی ڈبل سنچری، مرلی وجے اور جینت یادو کی سنچریوں کی بدولت 631 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

وراٹ کوہلی 235، مرلی وجے 136 اور جیانت یادو 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں عادل رشید نے 192 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راج کوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھا جبکہ موہالی اور وشاکھاپٹنم میں انڈیا نے فتح حاصل کی تھی۔ پانچواں میچ چینئی میں کھیلا جانا ہے۔