ممبئی ٹیسٹ: کوہلی اور وجے کی عمدہ بیٹنگ، انڈیا کو برتری حاصل

،تصویر کا ذریعہAP
ممبئی میں چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کے 400 رنز کے جواب میں انڈیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 451 نز بنا لیے ہیں۔
سنیچر کو میچ کے چوتھے دن انڈیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 146 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔
انڈیا کی جانب سے وجے اور کوہلی نے عمدہ بٹنگ کی جس میں وجے 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کوہلی 147 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا کو پہلی اننگز میں انگلینڈ پر 51 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی، راشد اور روٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اس سے قبل ونکھیڈے سٹیڈیم میں انگلش بلے بازوں نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کی بقیہ پانچ وکٹیں سکور میں مزید 112 رنز کے اضافے کے بعد گر گئیں۔
چوتھے دن آؤٹ ہونے والے پہلے انگلش بلے باز بین سٹوکس تھے جنھیں 31 رنز کے انفرادی سکور پر ایشون نے آؤٹ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
ان کے بعد آنے والے کرس ووکس 11 اور عادل رشید چار رنز ہی بنا سکے تاہم دوسرے اینڈ پر جوز بٹلر جمے رہے اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔
بٹلر نے 76 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری انگلش بلے باز تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈیا کی جانب سے ایشون سب سے کامیاب بولر رہہے اور انھوں نے 112 رنز دے کر چھ وکٹیں لیں۔ بقیہ چاروں وکٹیں رویندر جڈیجہ کے حصے میں آئی۔
خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انڈیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان راج کوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بےنتیجہ رہا تھا جبکہ موہالی اور وشاکھاپٹنم میں انڈیا نے فتح حاصل کی تھی۔









