انڈیا نے موہالی ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا

،تصویر کا ذریعہAP
موہالی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔
انڈیا نے 103 رنز کا مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے مرلی وجے اور پارتھیو پٹیل نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔
انڈیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف سات رنز کے مجموعی سکور پر مرلی وجے بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔
انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں پارتھیو پٹیل 67 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں کرس ووکس اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے انگلینڈ نے انڈیا کو جیتنے کے لیے 103 رنز کا ہدف دیا تھا۔
منگل کو میچ کے چوتھے انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 78 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن مجموعی سکور میں صرف 158 کے اضافے کے بعد اس کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 78 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ حسیب حمید نے 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل قدر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
دوسری اننگز میں انڈیا کی جانب سے ایشون نے تین اور محمد شامی، جڈیجہ اور یادو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 417 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ پر 134 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی تھی۔
پہلی اننگز میں ایک موقع پر انڈیا کی 156 کے مجموعی پر پانچ وکٹیں گر چکی تھیں تاہم بعد میں ایشون اور جڈیجہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 72 اور 90 رنز بنائے۔
انگلینڈکی جانب سے عادل رشید نے 4 اور سٹوکس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
وشاکھاپنٹم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 246 رنز سے شکست دی تھی جب کہ راجکوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہو گیا تھا۔








