پشاور زلمی اور آئی پی ایل ٹیموں کے درمیان میچوں کی تجویز

جاوید آفریدی، انوراگ ٹھاکر

،تصویر کا ذریعہBCCI

،تصویر کا کیپشنپشاور زلمی کے سربراہ نے انوراگ ٹھاکر کو پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی اور اختتامی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان سپر لیگ کھیلنے والی ٹیم پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے جمعے کو نئی دہلی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر سے ملاقات میں پشاور زلمی کے آئی پی ایل کی ٹیموں کے ساتھ میچ کروانے کی تجویز پیش کی ہے۔

جاوید آفریدی نے نئی دہلی سے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور انوراگ ٹھاکر نے پشاور زلمی کی آئی پی ایل کی ٹیموں کے ساتھ میچ کروانے کی اس تجویز کو جلد عملی شکل دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سے ان کی ملاقات دراصل ان کی سپورٹس ڈپلومیسی کا حصہ ہے جس کےتحت وہ چاہتے ہیں کہ پاک انڈیا کرکٹ روابط بحال ہوں۔

انھوں نے انوراگ ٹھاکر سے یہ بھی کہا کہ انھیں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود کھیلوں کے رابطے بحال کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

پشاور زلمی کے سربراہ نے انوراگ ٹھاکر کو پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی اور اختتامی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔

اس کے علاوہ جاوید آفریدی نے آئی پی ایل میں حصہ لینے والی چند ٹیموں کے مالکان سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

پشاور زلمی کے سربراہ کی بی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب بی سی سی آئی پاکستان سے کھیلنے کے لیے تیار نہیں اور اس نے جمعرات کو آئی سی سی کی جانب سے بھارتی خواتین ٹیم کے پاکستان کے ساتھ میچ نہ کھیلنے پر ان میچوں کےتمام پوائنٹس پاکستان کو دیے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں ایشیا کپ میں بھی مدمقابل ہونے والی ہیں لیکن یہ بات یقینی نہیں کہ بھارت یہ میچ کھیلے گا یا نہیں؟۔