دوسرے ٹیسٹ میں انڈیا کی اننگز مستحکم

،تصویر کا ذریعہReuters
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان ویشاکاپٹنم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میزبان انڈیا نے کپتان کوہلی اور پجارا کے درمیان 226 رنز کی شراکت کی بدولت مجموعی طور پر 317 رنز بنا لیے ہیں۔
پہلے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ انڈیا کے صرف چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
ویشاکاپٹنم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں توقع کی جا رہی تھی کہ پچ پہلے ہی دن سے سپن بالنگ کے لیے ساز گار رہے گی لیکن پہلے دن انڈیا کی چاروں وکٹیں انگلینڈ کے تیز گیند بازوں نے حاصل کئیں۔
کھیل کے شروع ہی میں انڈیا کو دو ووکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور 22 کے مجموعی سکور پر اس کی دو ووکٹیں گر گئیں۔
انڈیا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لوکش راہول تھے جن کو فٹنس بحال ہونے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لوکش راہول پہلے ہی اوور میں کرس براڈ کی گیند پر تیسری سلپ میں بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ راہول صرف پانچ گیندوں کا سامنا کر پائے جب ایک باہر نکلتی گیند ان کے بلے کے کنارہ لیتے ہوئے تیسری سلپ میں چلی گئی۔ راہول کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اوپنگ بلے باز مرلی وجے اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے اور انھوں نے اپنے 20 میں چار خوبصورت چوکے لگائے۔ لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہر سکے اور انھیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کر دیا۔
جیمز اینڈرسن جو انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ ووکٹیں لینے والے بولر ہیں وہ اس پیچ سے اونچی گیندیں نکالنے میں کامیاب رہے۔ مرلی وجے بھی ایک اچانک اوپر اٹھ جانے والی گیند کو سنبھال نہیں پائے اور ان کے دستانے سے لگ کر گیند ہوا میں اچھلی جسے آسانی سے پکڑ لیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
جیم اینڈرسن کو کندھے میں تکلیف کی وجہ سے اس سال اگست سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ لیکن ان کا ٹیم میں واپس آنے اور اپنے بھرپور صلاحیت سے بولنگ کرنا انگلینڈ کے لیے بڑا خوش آئیند ہے۔
میزبان ٹیم کی دو وکٹیں بائیس کے سکور پر گر چکی تھیں جب پجارا اور کوہلی کریز پر آئے۔
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے دونوں بلے بازوں ابتدائی ایک دو اوور میں انگلینڈ کے گیند بازوں سے پریشان ہوئے اور ایک دو رن آؤٹ کے مواقعے بھی پیدا ہوئے لیکن اس کے بعد انھوں نے جم کر بیٹنگ کی۔
انگلینڈ کی ٹیم کو چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہیں ملی۔ چائے کا وقفہ بھی امپائرز نے قبل از وقت لینے کا فیصلہ کیا جب ایک آوارہ کتا میدان میں آ گیا۔
آوارہ کتے کو پکڑنے میں گراونڈ مین ادھر ادھر بھاگتے رہے جب امپائر نے چائے کا وقفہ لینے کا اعلان کر دیا۔
پجارا نے اپنے کیریئر کی دسویں ٹسیٹ سنچری بنائی۔ وہ گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں بھی دو سنچریاں سکور کر چکے ہیں اور یہ ان کی لگاتار تین ٹیسٹ میچوں میں تیسری سنچری تھی۔
کوہلی جو اپنی زندگی کا پچاسواں ٹیسٹ کھیلے رہے تھے ان کا ایک کیچ 56 کے سکور پر پکڑا نہیں جا سکا اور اس کا فائندہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے اپنے کیریئر کی چودہویں سنچری سکور کی۔
انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک سارا دن ان دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے رہے لیکن انھیں کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ایک موقعے پر انھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو ایک طرف لگا کر سکور کی رفتار کو روکنے کی کوشش کی لیکن اس سےبھی انھیں کوئی فائدہ نہ ہو سکا۔
آخر کار پجارا 119 کے انفرادی سکور پر اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔
اینڈرسن نے اس کے بعد اجنکا ریحانے کو بھی آؤٹ کر دیا اور یوں پہلے دن انڈیا چار ووکٹوں کے نقصان پر217 رنز بنا سکی۔
کھیل کے اختتام تک کوہلی اور ایشون کریز پر موجود تھے۔








