انڈیا کو ہرانے پر حیرانی نہیں ہو گی

ظفر انصاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنظفر انصاری نے راجکوٹ ٹیسٹ میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں

انگلینڈ کے نوجوان سپنر ظفر انصاری نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو انڈیا کی ٹیم کے مقابلے میں کمزور نہیں سمجھنا چاہیے اور اگر انگلینڈ نے انڈیا کو اس ٹیسٹ سیریز میں ہرا دیا تو یہ بہت حیرانی کی بات نہیں ہو گی۔

انگلینڈ کی ٹیم کرکٹ ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں تقریباً پانچوں روز انڈیا پر غلبہ برقرار رکھا لیکن انڈیا کی ٹیم میچ برابر کرنےمیں کامیاب رہی۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پیشگوئی کی تھی کہ اگر انگلینڈ نے سپن بولنگ کو کھیلنے میں مہارت حاصل نہ کی تو وہ سیریز پانچ صفر سے ہار جائےگا۔

بھارت کا دورہ شروع کرنے سے پہلے انگلینڈ نے بنگلہ دیش میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جو برابری پر ختم ہوئی تھی۔ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا۔

پاکستانی نژاد ظفر انصاری نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف کیا تھا اور پہلے میچ کی دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کی تھی۔ اگر انگلینڈ کے فیلڈر ان کا ساتھ دیتے تو پہلے ٹیسٹ میچ میں ہی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کر سکتے تھے۔ راجکوٹ میں ظفر انصاری نے تین وکٹیں حاصل کیں تھی اور پہلی اننگز میں 32 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔

ظفر انصاری نے کہا " انڈیا کو سیریز میں فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن اس تاثر میں قدرے کمی ہوئی ہے۔'

'ہم سمجھتے ہیں کہ ہم جیت سکتے ہیں اور یہ بہت بڑا سرپرائز نہیں گا۔'

بنگلہ دیش کے دورے کے دوران انگلینڈ کی ٹیم ایک بار بھی اننگز میں 300 رنز نہ بنا سکی اور اس کا کوئی بیٹسمین بھی سنچری سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

ظفر انصاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنچوبیس سالہ ظفر انصاری نے اپنے کیریئر کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کیا تھا

جبکہ راجکوٹ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ انگلینڈ کے چار کھلاڑی سنچریاں سکور کرنے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے چار وکٹوں کی ضرورت تھی لیکن کپتان ویراٹ کوہلی کی عمدہ اننگز کی بدولت میچ برابری پر ختم ہو گیا۔

دوسرا ٹیسٹ ویشاکا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔ انڈیا نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں اوپنر کے ایل راہول کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انڈیا کے سلیکٹروں نے کہا ہے کہ راہول اب مکمل طور پر فٹ ہو چکے ہیں۔ راہول کو گوتھم گھمبیر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ راجکوٹ ٹیسٹ میں گوتھم گھمبیر اور مرلی وجے نے اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن گوتھم گھمبیر ناکام رہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستانی سابق سپنر ثقلین مشتاق کا کنٹریکٹ تیسرے ٹیسٹ تک بڑھا دیا ہے۔ ابتدا میں انگلینڈ نے ثقلین مشتاق کو صرف ایک ٹیسٹ کے لیے سپیشلسٹ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔

کیمرج یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ جوبیس سالہ ظفر انصاری نے ثقلین مشتاق کے بارے میں کہا: ' انھوں نے کوئی نئی چیز تو نہیں بتائی بلکہ بنیادی چیزوں کا پھر سے اعادہ کیا ہے'

ظفر انصاری نے کہا کہ ثقلین مشتاق جس انداز میں سپن بولنگ کے بارے میں باتیں کرتے ہیں وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت فاہدہ مند ہیں۔

انھوں نےکہا ثقلین مشتاق جس انداز میں آپ کے بولنگ ایکشن کے چھوٹے چھوٹے پہلوؤں پر آپ کی توجہ دلاتے ہیں وہ بہت سود مند ہیں۔'