پاکستانی نژاد ظفر انصاری انگلش کرکٹ سکواڈ میں شامل

ظفر انصاری تیسرے پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں جنھیں برطانوی کرکٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنظفر انصاری تیسرے پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں جنھیں برطانوی کرکٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ای سی بی نے اس ٹیسٹ سیریز کے لیے سرے کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے والے پاکستانی نژاد ظفر انصاری کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ ظفر انصاری تیسرے پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں جنھیں انگلینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

ان سے پہلے معین علی اور عادل رشید بھی انگلش کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا چکے ہیں۔

انگلینڈ کے قومی سیلیکٹر جیمز واٹیکر کا کہنا ہے کہ 23 سالہ لیفٹ آرم بولر ظفر انصاری نے رواں سیزن میں 44 وکٹیں لینے کے علاوہ 700 رنز بھی بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ معین علی اور عادل رشید کے ساتھ ساتھ ظفر انصاری تیسرے سپن بولر کا آپشن فراہم کریں گے۔

دوسری جانب ظفر انصاری نے قومی ٹیم میں شمولیت کی خبر کو ’حیران کن‘ قرار دیا ہے۔

ان کا اس بارے میں کہنا تھا: ’سیزن کے آغاز پر مجھے اس بات کا علم نہیں تھا۔ میں سرے کے ساتھ ٹھوس اور یکساں سیزن گزار کر خود کو اور زیادہ مضبوط کرنا چاہتا تھا۔‘

ظفر انصاری کے علاوہ ناٹنگھم شائر کاؤنٹی سے کھیلنے والے بلے باز ایلکس ہیلز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے قومی سلیکٹر جیمز واٹیکر کا 26 سالہ ایلکس ہیلز کے بارے میں کہنا ہے کہ وہ کاؤنٹی چیمپئین شپ میں 52.11 کی اوسط سے 886 رنز بنانے کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے کے ’مکمل طور پر اہل‘ ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’ہیلز نے ناٹنگھم شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو یہ بات ثابت کرتا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے میچ وننگ اننگز کھیل سکتے ہیں۔‘

ادھر یارک شائر کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے والے گیری بیلنس اور ایڈم لیتھ برطانوی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

گیری بیلنس کو حالیہ ایشز سیریز میں بری کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

ای سی بی نے آل راؤنڈر بین سٹوکس کو آرام دینے کے لیے ایک روزہ سکواڈ میں شامل نہیں کیا ان کی جگہ جو روٹ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

لنکا شائر کاؤنٹی کے سپنر سٹیفن پیرے اور سسیکس کاؤنٹی کے بولر کرس جارڈن کی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔