شاہد آفریدی اور میانداد میں پھر سے دوستی

،تصویر کا ذریعہ@ItsJavedMiandad
پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے متعلق تمام الزامات واپس لے لیے ہیں جس کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔
سنیچر کے روز جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کے ساتھ ہاتھ ملا کر ان سے متعلق اپنے الفاظ واپس لے لیے۔
اس موقع پر جاوید میانداد نے کہا کہ ’یہ اچھی بات ہے کہ شاہد آفریدی میرے ساتھ ہے اور یہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ میں نے شاہد آفریدی سے متعلق جو کچھ کہا تھا وہ غصہ میں کہا تھا لہذا میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔‘
اس کے بعد شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انھوں نے جاوید میانداد سے کبھی معافی کا مطالبہ نہیں کیا تھا کیونکہ ان کے بقول وہ ان کے سینیئر ہیں۔
تاہم شاہد آفریدی نے کہا کہ جاوید میانداد کے الفاظ سے ان کے خاندان والوں اور شائقین کو دکھ ہوا تھا لیکن اب جب جاوید میانداد نے اپنے الفاظ واپس لے لیے ہیں تو یہ ان کے چاہنے والوں اور خاندان والوں کے لیے بہت بڑی بات ہے۔
انھوں نے جاوید میانداد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر مجھ سے کوئی غلطی ہوئی ہے اور یقیناً ہوئئ ہوگی اس پر میں معافی مانگتا ہوں۔‘
اس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے ہاتھ ملائے اور ایک دوسرے کو میٹھائی کھلا کر اختلافات کو ختم کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا تھا۔
شاہد آفریدی نے یہ فیصلہ جاوید میانداد کے ان ریمارکس کے بعد کیا تھا جن میں انھوں نے شاہد آفریدی پر مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔








