آفریدی اور میانداد میں زبانی اور ممکنہ عدالتی جنگ

شاہد آفریدی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کے بعد شاہد آفریدی کا بین الاقوامی کریئر تقریباً ختم ہوچکا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے ۔

شاہد آفریدی نے یہ فیصلہ جاوید میانداد کے ان ریمارکس کے بعد کیا ہے جن میں انھوں نے شاہد آفریدی پر مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

ان دونوں کرکٹرز کے درمیان زبانی جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی جب اتوار کے روز ایک تقریب کے دوران شاہد آفریدی سے یہ سوال کیا گیا کہ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ آپ پیسوں کے لیے اپنا الوداعی میچ چاہتے ہیں جس پر شاہد آفریدی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جاوید میانداد کو ساری زندگی پیسوں کا مسئلہ رہا اور ابھی بھی رہا ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے کرکٹر کو ایسی چھوٹی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ یہی فرق عمران خان اور جاوید میانداد میں تھا۔

شاہد آفریدی کے اس بیان کے بعد جاوید میانداد نے ایک نجی ٹی وی چینل پر شاہد آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے مبینہ طور پر ان پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کردیا۔

جاوید میانداد

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے کرکٹر کو ایسی چھوٹی بات نہیں کرنی چاہیے تھی

شاہد آفریدی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وکیل کے ساتھ جاوید میانداد کے اس انٹرویو کے وڈیو کلپ کا جائزہ لے رہے ہیں اور محرم کی چھٹیوں کے بعد وہ جاوید میانداد کو قانونی نوٹس بھیجیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کے بعد شاہد آفریدی کا بین الاقوامی کریئر تقریباً ختم ہوچکا ہے اور سلیکشن کمیٹی نے انہیں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔

گذشتہ دنوں یہ خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بنیں کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق شاہد آفریدی کے الوادعی میچ کے سلسلے میں ان سے رابطے میں ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کو مسترد کردیا تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔