 | | | موسیقی کے مکسنگ میں قرانی آیات یا الفاظ کا استعمال مسلمان کے لیے انتہائی دل آزاری کا باعث تصور کیا جا سکتا ہے |
سونی انٹرٹینمنٹ کمپنی نے مسلمانوں کی ناراضگی کے اندیشے کے پیش نظر اُس ویڈیو گیم کا اجرا منسوخ کر دیا ہے جس کا شدید انتظار کیا جا رہا تھا۔ ’لٹل بگ پلانٹ‘ نامی اس کھیل کی کاپیاں، اس انکشاف کے بعد، تمام دکانوں سے واپس لی جا رہی ہیں کے اس کی موسیقی میں ایسے دو ٹکڑے بھی شامل ہیں جو قرآنی آیات میں سے لگتے ہیں۔ سونی کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی دل آزاری پر معذرت خواہ ہے اور ترمیم شدہ کھیل آئندہ ماہ جاری کر دیا جائے گا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کھیل پلے سٹیشن تھری کے کھیلوں میں انتہائی مقبولیت حاصل کرے گا۔ آن لائن گیم فورم کے ایک شریک کا کہنا ہے کہ موسیقی کے مکسنگ میں قرانی آیات یا الفاظ کا استعمال مسلمان کے لیے انتہائی دل آزاری کا باعث تصور کیا جا سکتا ہے۔ لٹل بگ پلانٹ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ’ہمیں یقین ہے کہ آپ میں سے بہت سے اب تک یہ سن چکے ہوں گے کہ پس منظر موسیقی کے لیے لائسنس یافتہ ریکارڈ لیبل سے حاصل کیا گیا ایک ٹریک کا حصہ دو ایسے ٹکڑوں پر مشتمل تھا جن پر قرانی حصوں سے مماثلت کا شک ہو سکتا تھا‘۔ ’ہم نے فوری طور پر اس کی درستی کی کارروائی کی اور اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو ہم اس کے لیے معافی چاہتے ہیں‘۔ سونی نے اس سے قبل دو ہزار سات میں ایک جارحانہ ویڈیو کے لیے مانچسٹر کیتھڈرل کے اندرونی منظر استعمال کرنے پر چرچ آف انگلینڈ سے معافی مانگی تھی۔ تاہم اس موقع پر کھیل کی ویڈیو دکانوں سے واپس نہیں لی گئی تھی۔ لٹل بگ گیم کو میڈیا مولیکیول نے تیار کیا ہے اور یہ گیم، گیم سازی کے بارے میں ہے اور اس کے ذریعے کھلاڑی خود بھی کھیل بنا کر دوسرے کھلاڑیوں سے لین دین کر سکتے ہیں۔ |