 | | | گوگل کی کوشش ہے کہ وہ دنیا میں سرِ فہرست سرچ انجن رہنے کا اعزاز برقرار رکھے |
گوگل نے بھی اپنے حریفوں یاہو اور مائیکرو سافٹ کی طرح مفت آن لائن کیلینڈر کی سہولت شروع کی ہے۔ اس ویب کیلینڈر سے صارفین اپنے تمام کاموں کے بارے میں کسی معاوضے کے بغیر آن لائن یادداشتیں ترتیب دے سکیں گے اور ان کے لیے یاددہانی حاصل کر سکیں گے۔ اس سہولت کو گوگل نے اپنی ای میل سروس ’جی میل‘ سے منسلک کیا ہے اور جن صارفین نے اپنا جی میل اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے انہیں یہ سہولت خود بہ خود حاصل ہو جائے گی۔ کیلینڈر کی پیشکش ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت گوگل ہر قسم کی خدمت فراہم کرنے والی ویب سروس بننا چاہتا ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں گوگل نے گزشتہ سات ماہ میں ویب کے ذریعے کمانے والوں میں دوسری پوزیشن پر رہتے ہوئے ایک ارب بیس کروڑ پاؤنڈ کی آمدنی حاصل کی تھی۔ گوگل کی کوشش یہ ہے کہ وہ اس آمدنی کو مارکیٹ میں جاری موجودہ مقابلے استعمال کر کے دنیا میں سرِ فہرست سرچ انجن رہنے کا اعزاز برقرار رکھے۔ گوگل کیلینڈر اسی سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت نئی نئی خدمات پیش کی جا رہی ہیں اور حریف یاہو کے سرچ انجن پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یاہو یہ کیلینڈر سروس اکتوبر 1998 سے فراہم کر رہا ہے اور اس نے یہ سروس ایک ایسی ویب سگئٹ خرید کر شروع کی تھی جس نے کیلینڈر سروس متعارف کرائی تھی۔ یاہو کی یہ کلینڈر سروس امریکی میں سب سے پسندیدہ کیلینڈر سروس خیال کی جاتی ہے اور یاہو نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی اپنی کیلینڈر سروس کو نئے خطوط پر استوار کرے گا۔ |