ایف بی آئی کا جعلی وائرس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیٹ پر غیر قانونی ویب سائٹس استعمال کرنے والوں کو خبردار کرنے والا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ وائرس خفیہ ایجنسیوں ایف بی آئی، سی آئی اے یا جرمن بی کے اے کی طرف سے ایک جعلی پیغام جاری کرتا ہے کہ آپ کو نیٹ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔ اس پیغام کے ساتھ ایک سوالنامہ بھی شامل ہوتا ہے جسے کھولنے والے سوبر وائرس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ وائرس کا تدارک کرنے والی کمپنیوں نے اس کی لاکھوں کاپیاں پکڑی ہیں جس سے پتا چلا ہے کہ بہت سے لوگ اس کا شکار بن چکے ہیں۔ یہ وائرس 22 نومبر کو پھیلنا شروع ہوا اور صرف چوبیس گھنٹے کے دوران اس نے تیس لاکھ سے زائد کمپیوٹر اپنی زد میں لے لیے۔ منگل کی شام تک اس کی ستر لاکھ کاپیاں پھیل چکی تھیں۔ یہ وائرس ایک ای میل میں موجود ہے جس کا عنوان ہے ’آپ نے غیر قانونی ویب سائٹ کا استعمال کیا ہے‘۔ اس پیغام کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ایف بی آئی، سی آئی اے یا بی کے اے کی جانب سے ہے جس نے اس صارف کو 30 غیر قانونی سائٹس کا استعمال کرتے ہوئے پایا ہے۔ اس کے بعد صارف سے کہا جاتا ہے کہ وہ پیغام کے ساتھ منسلک سوال نامہ کھولے اور اسے پر کرے۔ جو صارف اس سوالنامے کو کھولنے کی کوشش کرتا ہے اس کا کمپیوٹر وائرس سے متاثر ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ وائرس اس کمپیوٹر سے مزید ای میل کے پتے حاصل کر کے پیغام کو مزید آگے بھیج دیتا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ یہ پیغام ایف بی آئی کی جانب سے نہیں ہے اور نہ ہی یہ ادارہ لوگوں کو اس طرح غیر ضروری پیغام بھیجتا ہے۔ یہ وائرس اور بھی کئی طریقوں سے اور مختلف شکلوں میں آتا ہے۔ اس طرح کا ایک وائرس پیرس ہلٹن کی فلم دکھانے کی پیشکش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ پاس ورڈ بدلنے کے پیغامات یا ای میل میں خرابی کے پیغامات میں بھی وائرس کی موجودگی کا خطرہ موجود ہے۔ وائرس کا تدارک کرنے والی ایک کمپنی ایف سیکیور کا کہنا ہے کہ یہ اس سال کا بد ترین وائرس ہے۔ اس کے زیادہ تر شکار شمالی امریکہ کے علاقے میں ہیں۔ اس وائرس کے پھیلاؤ میں بدھ کے روز کمی واقع ہوئی ہے تاہم وائرس سے بچاؤ کی کمپنیوں کا مشورہ ہے کہ صارفین اپنے کمپیوٹر کو وائرس سے بچانے کے لیے از سر نو انتظام کرلیں۔ اس کے علاوہ غیر متعلقہ پیغامات کو کھولنے سے پرہیز کریں۔ | اسی بارے میں نیٹ پر دس لاکھ کمپیوٹروں کا اغوا18 March, 2005 | نیٹ سائنس سپر کمپیوٹر کا نیا ریکارڈ26 March, 2005 | نیٹ سائنس کمپیوٹر نیٹ ورک پر بجلی کی ترسیل29 April, 2005 | نیٹ سائنس دنیا کا طاقت ورترین کمپیوٹر23 June, 2005 | نیٹ سائنس کمپیوٹر اب 9990 روپے میں 02 August, 2005 | نیٹ سائنس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||