 |  ایتھر نیٹ کی اصطلاح کمپیوٹروں کو آپس میں جوڑنے یا نیٹ ورک کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ |
برطانیہ کی ایک کمپنی ڈی ایس پی ڈیزائن نے ایک ایسا کمپیوٹر بنایا ہے جو بجلی دیوار میں لگے ساکٹ کی بجائے ایک نیٹ ورک کیبل سے حاصل کرتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کا یہ کمپیوٹر ایسی جگہوں پر کامیاب ثابت ہوگا جہاں نیٹ ورک کیبل یا ’ایِتھر نیٹ‘ کے علاوہ بجلی کی تاریں بچھانا ممکن نہیں ہوتا۔ ایتھر نیٹ کی اصطلاح عمومی طور پر کمپیوٹروں کو آپس میں جوڑنے یا نیٹ ورک کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ کمپیوٹر ایک ایسے پراجیکٹ کا نتیجہ ہے جس کا مقصد بیشتر کمپیوٹر ہارڈ وئیر کو نیٹ کے ذریعے بجلی یا پاور پہنچانا تھا۔ پاور اوور ایتھرنیٹ کچھ اس طرح کام کرتا ہے۔ ایِتھر نیٹ کیبل میں جو ڈیٹا بھیجا جاتا ہے وہ وولٹیج میں تبدیل ہوجاتا ہے اور کیبل میں موجود فالتو تاروں کو ڈیٹا کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اب تک پاور اوور ایتھر نیٹ کے ذریعے 15.4 واٹ تک بجلی بھیجی جاسکتی ہے جو کمپیوٹر کی زیادہ تر آلات کو چلانے کے لئے کافی ہوتا ہے لیکن خود ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کو انفرادی طور پر چلانا ابھی ممکن نہیں۔ پاور اوور ایتھر نیٹ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ دنیا بھر میں بجلی کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ اس کی تاروں اور ان میں استعمال ہونے والے کنیکٹرز پوری دنیا میں ایک ہی طرح کے ہوتے ہیں۔ |