مریخ پر برف کی جھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مریخ کی ایک کھائی میں برف کی ایک بڑی جھیل دیکھی گئی ہے۔ اس جھیل کی تصاویر یورپی خلائی ایجنسی کی خلائی گاڑی مارز ایکسپریس کے کیمرے سے لی گئیں جو سیارے کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔ مریخ پر پانی کی موجودگی سے وہاں ماضی یا حال میں زندگی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اس دریافت سے مریخ پر انسان بھیجنے کے خواب کو بھی تقویت ملی ہے۔ برف کا یہ انتہائی نمایاں ٹکڑا ایک ایسی کھائی میں ہے جو پینتیس کلومیٹر چوڑی اور دو کلومیٹر گہری ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ مریخ پر یہ برف پورا سال اسی حال میں رہتی ہے کیونکہ وہاں پر درجہ حرارت اور ہوا کا دباؤ اس میں تبدیلی کی اجازت نہیں دیتا۔ مریخ کی سطح پر گہری کھائیاں نظر آتی ہیں جو بظاہر لاکھوں سال پہلے غائب ہو جانے والے دریاؤں اور گلیشیئر سے بنی ہیں۔ یورپی خلائی ایجنسی اسی سال مریخ کی سطح کے نیچے ایک ’جمے ہوئے سمندر‘ کی موجودگی کا بھی اعلان کر چکی ہے۔ مریخ کے قطبین پر بھی برف کی موجودگی کے بارے میں بتایا جا چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||