 |  خلائی روبوٹ زمین میں سوراخ کر سکے گا |
یورپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ مریخ پر ایک خلائی جہاز بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ وہاں ماضی یا حال میں زندگی کی موجودگی کے بارے میں شواہد کی موجودگی کا پتہ چلایا جا سکے۔ یورپی خلائی ایجنسی کے تیار کردہ مشن میں حرکت کرنے والا ایک روبوٹ بھی شامل ہو گا۔ یہ مشن زمین سے جون دو ہزار گیارہ کو روانہ ہو گا اور جون دو ہزار تیرہ کو سرخ سیارے کی زمین پر اترے گا۔ پچاس کروڑ یورو کی لاگت سے تیار کی جانے والی یہ متحرک لیبارٹری مریخ کی فضا اور زمینی ساخت کا معائنہ کرے گی تاکہ وہاں موجود کسی حیاتیاتی مادے یا زیرِ زمین زلزلے کے شواہد تلاش کیے جا سکیں۔  |  مشن 2013 میں مریخ پر اترے گا |
یورپی خلائی ایجنسی نے سنہ دو ہزار تین میں آخری مرتبہ مریخ کی سرزمین پر بیگل ٹو اتارنے کی کوشش کی تھی جو لاپتہ ہو گیا تھا۔ یورپی خلائی ایجنسی کے ممتاز سائنسدانوں اور حکام نے اس ہفتے ایک ملاقات میں مریخ پر روبوٹ اتارنے کے بہترین طریقِ کار کے تعین پر غور کیا ہے۔ تاہم مشن کی حتمی شکل کے لیے متعدد تجاویز پر پہلے ہی غور جاری ہے۔ |