شاید بچوں کی ہی سنی جائے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جاپان میں منگل کو چھ سو بچے ماحولیات پر بچوں کی پہلی عالمی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ یہ بچے پینسٹھ ممالک سے آئے ہیں اور اس کانفرنس میں وہ حکومتوں اور بڑے سرمایہ داروں کے نام ایک درخواست میں ماحولیات پر توجہ دینے کا مطالبہ کریں گے۔ ٹوکیو سے نامہ نگار کرس ہوگ نے بتایا ہے کہ اس کانفرنس میں شریک تمام بچے دس سے چودہ سال کے درمیان ہیں۔ اور وہ اگلے چار دن مختلف قسم کی ورکشاپیں، مباحثے، اور دورے کرنے میں گزاریں گے۔ اس کانفرنس میں دو کم عمر جاپانی شہزادیاں بھی شرکت کر رہی ہیں۔ اس کانفرنس کے ذریعے دنیا بھر میں سربراہان مملکت کو پیغام بھیجا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کے شرکاء ان سکولوں یا تنظیموں سے ہیں جنہوں نے ماحولیات سے متعلق پراجیکٹ جمع کرائے تھے۔ کانفرنس میں ہر روز وہ نئے موضوع پر توجہ دیں گے مثلاً توانائی، پانی، اشیاء کا دوبارہ استعمال اور حیاتیاتی تنوع۔ کانفرنس کے شرکاء ہر موضوع کے بارےمیں کوئی نہ کوئی ہدف طے کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||