 |  پیر کو دل کے دوروں کی تعداد ہفتے کے دیگر دنوں کی نسبت 20 فیصد زیادہ ہوتی ہے۔ |
ویک اینڈ کے بعد پیر کو کام پر واپس جانا آپ کو کیسا لگتا ہے؟ بیشتر لوگ تو اس پر زیادہ اچھے تاثرات کا اظہار نہیں کرتے اور اب ایک حالیہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اختتام ہفتہ کے بعد پیر کو کام پر واپس جانے کے دباؤ سے بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ ٹوکیو وومن میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کا بلڈ پریشر پیر کے روز دیگر دنوں کی نسبت سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ دل کے دورے پیر کو زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی کیا وجہ ہے۔ اس دن دل کے دوروں کی تعداد ہفتے کے دیگر دنوں کے مقابلے میں بیس فیصد زیادہ ہوتی ہے۔ برطانیہ میں اموات کی سب سے بڑی وجہ دل کا دورہ ہے۔ تقریباً تین لاکھ افراد ہر سال اس کا شکار ہوتے ہیں اور ہر تین مریضوں میں ایک ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتا ہے۔ فشار خون میں تبدیلیاں ریکارڈ کرنے کے لیے جاپان کی یونیورسٹی کے ماہرین نے 175 مرد و خواتین کے جسم پر ایسے آلے لگائے گئے جو دن کے چوبیس گھنٹوں کے دوران بلڈ پریشر ریکارڈ کرسکتے تھے۔ ایک ہفتے بعد یہ آلے واپس اتار لیے گئے تاکہ ماہرین پورے ہفتے کے دوران بلڈ پریشرکی تبدیلیوں کا جائزہ لے سکیں۔ جن افراد نے پیر کے روز کام پر نہیں جانا تھا ان کا فشار خون حسب معمول پایا گیا جبکہ کام پر جانے والوں کے بلڈ پریشر میں خاصا اضافہ دیکھا گیا جس سے سائنسدانوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بلڈ پریشر میں اضافے کا سبب کام پر جانے کا دباؤ ہے۔ |